25 سال سے اسی روایت پر قائم میری کامیابی میں اقلیتوں نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے امیدوار ڈی ناگیندر نے آج صبح درگاہ یوسفینؒ پر چادر گل پیش کرنے کے بعد ہزاروں بی آر ایس کارکنوں کے ساتھ بھاری ریالی میں پہونچکر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین میں محمد فرید ، حسن علی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ ڈی ناگیندر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ 25 سال سے درگاہ یوسفینؒ میں چادر گل پیش کرنے کے بعد ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہیں اور کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔ اس مرتبہ بھی وہ اسمبلی حلقہ خیریت آباد سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ عوام کی بالخصوص مسلمانوں کی انہیں بھر پور تائید حاصل ہے اور مسائل کی یکسوئی کے لیے انہوں نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا ہے اور اپنے آپ کو عوام کے درمیان رکھا ہے ۔ ان کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں ۔ ڈی ناگیندر نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو سیکولرازم کا چولہ پہنے ہوئے آر ایس ایس کا قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کے بعد اس کی اصلیت عوام کے سامنے واضح ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیکولر نظریات رکھنے والی بی آر ایس پارٹی حکومت میں ہے ۔ بی آر ایس تیسری مرتبہ ریاست میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہوئے جنوبی ہند میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے ریاست تلنگانہ میں جو بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کو مثالی حلقہ میں تبدیل کردیا ہے ۔۔ ن