بلا اجازت جلوس نکالنے اور پولیس کو ڈیوٹی سے روکنے کا الزام
حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کے سابقہ متولی محمد فیصل علی شاہ کو بلااجازت جلوس نکالنے اور پولیس کو ڈیوٹی انجام دینے میں خلل پیدا کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق درگاہ یوسفین کا کل سالانہ عرس کے موقع پر صندل مبارک جلوس تاریخی مکہ مسجد سے موجودہ متولی سید حسن شبیر محمد الحسینی کی زیرنگرانی نکالا گیا اور اسی دوران فیصل علی شاہ بھی مکہ مسجد پہونچ کر جلوس میں شامل ہونے کی کوشش کی لیکن ساؤتھ زون پولیس نے انہیں وہاں پر روک لیا ۔ حسب معمول صندل مبارک کا جلوس رات 11.30 بجے درگاہ یوسفین پہونچا تھا کہ سابقہ متولی محمد فیصل علی شاہ اور ان کے دیگر حامی جلوس کی شکل میں وہاں پہونچ گئے جبکہ انہیں جلوس نکالنے پولیس کی اجازت نہیں تھی ۔ حبیب نگر پولیس نے انہیں روک لیا اور اسی دوران وہاں دھکم پیل ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصل علی شاہ کار میں بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 کی سمت تیز رفتاری سے چلے گئے اور پولیس نے ان کا تعاقب کرکے حراست میں لے لیا اور ان کے ساتھ موجود دو حامی سید اظہر الدین اور محمد عامر کو بھی گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات 353 ، 341 ، 504 کے تحت گرفتار کرلیا اور انہیں آج صبح مجسٹریٹ کے مکان پر پیش کرکے چنچلگوڑہ جیل منتقل کردیا ۔
