درگم چیرو میں کشتی رانی و ریستوران کا آغاز

,

   

سیاحوں کو کشتی رانی کے ساتھ کھانے پینے کی سہولت۔ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات

حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کے محکمہ سیاحت کی جانب سے درگم چیروومیں کشتی رانی معہ ریستوراں کا آغاز کیاگیا ہے ۔ درگم چیروو کیبل برج کے بعد اب درگم چیروو میں کشتی رانی کے ساتھ کشتی رانی کے ساتھ ساتھ طعام کا مزہ لینے کی سہولت بھی حاصل رہے گی۔ ریاستی وزیر سیاحت مسٹر وی سرینواس گوڑ نے گذشتہ یوم درگم چیروو میں کشتی رانی کا آغاز کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ مسٹر رنجیت ریڈی موجود تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے درگم چیروو کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کے تحت شروع کی جانے والی ان خدمات کے سلسلہ میں ریاستی وزیر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق شہر حیدرآباد میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے منصوبہ کے تحت درگم چیروو میں کشتی میں ریستوراں اور اسپیڈ بوٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ فی الحال درگم چیروو میں شروع کی گئی کشتی رانی میں 25 نشستی تیز رفتار بوٹ کے علاوہ 80 نشستوں پر مشتمل ریستوراں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ درگم چیروو پر کیبل برج کے بعد اب کشتی میں ریستوراں اور کشتی رانی کی سہولت کے آغاز کے ساتھ ہی سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے شروع کی جانے والی اس سہولت سے استفادہ کیلئے بڑی تعداد میں عوام درگم چیروو پہنچ رہے ہیں اور کشتی میں طعام کی سہولتوں سے لطف اندوز ہونے لگے ہیں علاوہ ازیں تیز رفتار کشتی رانی کو بھی فروغ حاصل ہونے لگا ہے۔محکمہ سیاحت کے ذرائع نے بتایا کہ درگم چیروو میں شروع کی جانے والی اس ریستوراں میں جنوبی ہند کے کھانوں اڈلی‘ دوسہ ‘ وڑا ‘ اپما کے علاوہ ہندستانی اشیائے تغذیہ اور مغلائی کھانے موجود رہیں گے ۔درگم چیروو میں ریاستی حکومت کی جانب سے سیاحتی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر سیاحت مسٹر وی سرینواس گوڑ نے بتایا کہ ریاست میں کالیشورم پراجکٹ کے تحت تیار کئے گئے ذخائر آب میں بھی اس طرح کی سہولتوں کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق لکنا وارم‘ سومہ سیلہ ‘ ناگر جنا ساگر کو بھی جلد سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ محبوب نگر میں کے سی آر ایکو ٹورازم پارک اننت گیری ہلز اور دیگر مقامات پربھی سیاحتی مقامات کے فروغ کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔