کانپور:30مئی(یواین آئی) پاکستان میں واقع دہشت گردانہ ٹھکانوں پر فوجی کاروائی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر پڑوسی ملک کو انتباہی لہجے میں کہا کہ آپریشن سندور کے دوران جو دشمن گڑگڑا رہا تھا وہ کسی دھوکے میں نہ رہے ۔ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔کانپور میں جمعہ کو ہزاروں کروڑ روپئے کی ترقیاتی پروجکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھتے ہوئے مودی نے کہا‘ہندوستان میں دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی تین واضح اصولوں کا خاکہ پیش کیا۔ سب سے پہلے ، ہندوستان ہر دہشت گردانہ حملے کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ اس ردعمل کے وقت، طریقہ کار اور شرائط کا تعین صرف ہندوستانی مسلح افواج کریں گی۔ دوسرا ، ہندوستان اب جوہری خطرات سے خوف زدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی اس طرح کے انتباہات کی بنیاد پر فیصلے کرے گا۔ تیسرا ، ہندوستان دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈز اور انہیں پناہ دینے والی حکومتوں دونوں کو ایک ہی نظر سے دیکھے گاپاکستان کے ریاستی اور غیر ریاستی اداروں کے درمیان فرق اب قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے واضح طور پر زور دے کر کہا کہ دشمن جہاں کہیں بھی ہو، اسے ختم کر دیا جائے گا ۔اس دوران وزیر اعظم نے بٹن دبا کر 47 ہزار 600 کروڑ روپئے کی 15ترقیاتی پروجکٹوں کاتحفہ دیا۔ مودی نے چنی گنج میٹر اسٹیشن پر سج کر کھڑی میٹرو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس ٹرین میں محروم طبقات کے بچوں نے سفر طے کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف پروجکٹوں کے مستفیدین کو چیک بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانپور میں ترقی کا یہ پروگرام 24 اپریل 2025 کو طے تھا ، لیکن پہلگام میں دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔
مودی کا آج مدھیہ پردیش کا دورہ
نئی دہلی 30 مئی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی لوک ماتا دیوی اہلیہ بائی ہولکر کی 300ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہفتہ کو مدھیہ پردیش کا دورہ کریں گے اور اسی دن وہ ریاست کو دتیا اور ستنا میں دو ہوائی اڈوں کا تحفہ دیں گے ۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مودی صبح تقریباً 11.15 بجے بھوپال میں لوک ماتا دیوی اہلیہ بائی مہیلا بااختیار بنانے کے مہا سمیلن میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم بھوپال میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
اور ایک عوامی تقریب سے خطاب کریں گے۔ لوک ماتا دیوی اہلیابائی مہیلا بااختیار بنانے کے مہا سمیلن میں شرکت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور لوک ماتا دیوی اہلیا بائی کو وقف ایک خصوصی سکہ بھی جاری کریں گے ۔ 300 روپے کے سکے پر اہلیہ بائی ہولکر کی تصویر ہوگی۔ وزیر اعظم ایک خاتون فنکار کو قبائلی، لوک اور روایتی فنون میں ان کے تعاون کیلئے نیشنل دیوی اہلیابائی ایوارڈ بھی پیش کریں گے ۔وزیر اعظم اجین میں آنے والے سمہاستھ مہاکمبھ 2028 سے متعلق 860 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے شیپرا ندی پر گھاٹ تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ دریاؤں کے پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف بنیادی ڈھانچے جیسے بیراج، اسٹاپ ڈیم اور وینٹڈ کانجیو ویز بنائے جائیں گے ۔آخری حصی تک ہوائی رابطہ کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعظم دتیا اور ستنا ہوائی اڈوں کا افتتاح کریں گے جس سے وِندھیا خطے میں صنعت، سیاحت، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے نئے مواقع کھلیں گے ۔شہروں میں سفری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کے مطابق وزیر اعظم اندور میٹرو کی ییلو لائن کے سپر پرائرٹی کوریڈور پر مسافر خدمات کا بھی افتتاح کریں گے ۔ اس سے آلودگی میں کمی کے ساتھ ہی مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت ملے گی۔ وزیر اعظم 1271 اٹل گرام سوشاسن بھونوں کی تعمیر کیلئے 480 کروڑ روپے سے زیادہ کی پہلی قسط منتقل کریں گے ۔ یہ عمارتیں گرام پنچایتوں کو مستقل بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں گی، جس سے ان کو انتظامی کاموں کا انتظام کرنے ، میٹنگیں کرنے اور ریکارڈ کو زیادہ موثر طریقے سے برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔