دلت بندھو اسکیم کیلئے بھاری کمیشن حاصل کرنے کا الزام

   


غیر دلت ٹی آر ایس کارکنوں کو فائدہ، سرپنچوں کے ساتھ اتم کمار ریڈی کا اجلاس
حیدرآباد ۔19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین دلت بندھو اسکیم کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے حضور آباد میں سوریا پیٹ ضلع کے تمام سرپنچوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے دلت بندھو اسکیم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور ان کے حامی دلت بندھو اسکیم کے نام پر بھاری رقومات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں سیاسی وابستگی کو ترجیح دی جارہی ہے۔ سرپنچوں نے مطالبہ کیا کہ دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کا انتخاب گرام سبھا کے ذریعہ کیا جائے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی نئی اسکیم گریجن بندھو اسکیم کے لئے بھی گرام سبھاؤں کو اختیارات دیئے جائیں۔ دلت بندھو اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے ، لہذا برسر اقتدار پارٹی کے قائدین امدادی رقم میں بے قاعدگیوں کے مرتکب ہیں۔ ٹی آر ایس کے ایسے کارکن جن کا دلت طبقہ سے تعلق نہیں ہے، انہیں بھی استفادہ کنندگان کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کے علاوہ ان کے حامی استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لئے بھاری کمیشن حاصل کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں حقیقی غریب خاندان اسکیم سے محروم ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے سرپنچوں کو حکومت کی جانب سے ہراساں کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچوں کے علاوہ منڈل پرجا پریشد ، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، ضلع پریشد چیرمین اور کارپوریٹرس کو حکومت کی جانب سے نظر انداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کی کارکردگی میں سیاسی مداخلت کے سبب ترقیاتی کام متاثر ہیں۔ ر