صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس سے متاثرین کی ملاقات
حیدرآباد ۔17۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے دلت خاندانوں کو تیقن دیا کہ ان کی اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔ کیسرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے دلت خاندانوں نے کمیشن سے رجوع ہوکر شکایت کی کہ ان کی اراضیات پر غیر مجاز طریقہ سے لے آؤٹ کیا گیا ہے ۔ کمیشن کو فوری مداخلت کرتے ہوئے اراضی کا تحفظ کرنا چاہئے ۔ دلت خاندانوں نے کمیشن کو بتایا کہ اراضی سے متعلق مقدمہ عدالت میں زیر دوران ہے اور عدالت نے کئی قطعی فیصلہ تک اراضی پر کوئی بھی کام انجام دینے سے روک دیا۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی لیکن عہدیداروں نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر مجاز افراد کو پٹہ دار پاس بک جاری کردیئے ۔ صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن نے متاثرہ افراد کو تیقن دیا کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے انصاف فراہم کریں گے۔ کمیشن کے رکن آر نائک اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے ذریعہ تلنگانہ میں دلتوں اور قبائل کے مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تشکیل کے بعد سے کمیشن نے مختلف اضلاع میں سماعت کا اہتمام کرتے ہوئے سینکڑوں درخواستوں کی یکسوئی کی ہے۔ ڈاکٹر ای سرینواس نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی بھلائی کے عہد کے پابند ہیں۔ حکومت نے گزشتہ چھ برسوں میں کمزور طبقات کی بھلائی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔