نیویارک ۔ عالمی بینک کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 73 کروڑ 30 لاکھ افراد کو بجلی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ جبکہ 2 ارب 40 کروڑ لوگ ایسے ہیں کہ جو ابھی تک ایندھن پر انحصار کر رہے ہیں جو کہ صحت اور ماحولیات کے لیے نقصان دہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ انرجی پروگریس رپورٹ، جو ٹریکنگ ایس ڈی جی 7 کا 2022 ایڈیشن ہے، میں کہا گیا کہ سال 2030 تک 67 کروڑ افراد بجلی سے محروم رہیں گے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ افریقہ اور ایشیا کے جن 9 کروڑ افراد کو اس سے پہلے بجلی تک رسائی حاصل تھی وہ اب بجلی کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے لیے ادائیگی سے قاصر ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ معاشی سرگرمیوں اور سپلائی چینز میں جاری رکاوٹوں کے باوجود، قابل تجدید توانائی ہی اس وبائی مرض سے گزر کر ترقی کرنے کا واحد ذریعہ تھی۔ تاہم قابل تجدید توانائی کے ان مثبت عالمی اور علاقائی رجحانات نے بجلی کی سب سے زیادہ ضرورت والے ممالک کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 2030 کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے نئے کنکشنز کی تعداد کو سالانہ 10 کروڑ تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔