دنیا میں قیام امن کیلئے نبیؐ کی تعلیمات پر چلنے کی تلقین

   

جنگاؤں میں جلسہ میلادالنبیؐ و نعتیہ مشاعرہ، ڈپٹی کمشنر راجا مہیندرا نائیک کا خطاب
جنگاؤں۔/21 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مومن یوتھ چیاریٹبل ٹرسٹ جنگاؤں ضلع کے زیر اہتمام پانچواں جلسہ میلادالنبیؐ و نعتیہ مشاعرہ کل رات ایکمینار چوراستہ گرنی گڈہ جنگاؤں میں منعقد ہوا۔کنوینر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مومن یوتھ چیاریٹبل ٹرسٹ صدر محمد رافع متین ایڈوکیٹ، محمد شاہ نواز ، عبدالمنان رضی، علیم، سلمان اور دیگر اس جلسہ کو منعقد کرنے میں گذشتہ چار سال سے لگاتار محنت کررہے ہیں تاکہ حضور اکرم ؐ کی محبت و عقیدت کے ساتھ اٹوٹ وابستگی پیدا ہو۔ طلباء اور نوجوانوں میں آپ ؐ سے محبت ، عشق برقرار رہے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈپٹی کمشنر آف پولیس جنگاؤں ضلع راجا مہیندرا نائیک اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جنگاؤں ڈی پارتا سارتھی نے شرکت کی اور میلادالنبیؐ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نبی ؐ کے بتائے ہوئے طریقہ انسانیت پر چلیں تو اس دنیا اور ملک میں امن و امان قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب ادب و احترام کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے جمال شریف ایڈوکیٹ کی صحافتی خدمات کے ساتھ بلا لحاظ مذہب و ملت سماجی خدمت کی سراہنا کی۔ جلسہ کی صدارت محمد مجیب الرحمن سکریٹری رحمن بی ایڈ کالج جنگاؤں نے کی۔ مہمانان میں ڈاکٹر انیس صدیقی ورنگل ( شانتی سنگم ) محمد ادریس میمن ، بی سرینواس رکن بلدیہ، محمد سلمان ، محمد یوسف، اکبر ضیاء، حبیب سابق لیبر آفیسر، محمد اعجاز سابق رکن بلدیہ، محمد عبدالرحمن شکیل صدر جمعیۃ الشباب کمیٹی، انکشاولی صدر ٹی ایس میسا، مولانا مصطفی رضا، مولانا شاکر حسین قاسمی امام و خطیب جامع مسجد ، مولانا مفتی انصار اور دوسرے موجود تھے۔ مولانا شاکر حسین قاسمی، مولانا مصطفی رضا، مولانا مفتی انصار، ڈاکٹر انیس صدیقی نے کہاکہ حضور اکرم ؐ کی محبت و عقیدت کو ہر مسلمان اپنے قلب و ذہن میں بسالینے کی ضرورت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری وقت تک نمازوں کو ادا کرنے کی تلقین فرمائی۔ قاضی معین الدین صوفی حیدرآباد نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کمزوروں، یتیموں، مسکینوں کی ہمیشہ مدد فرمائی اور اپنی امت کو تلقین کی کہ ان کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں میں نبی صلی اللہ علیہ سلم سے محبت اور آپؐ کی میلاد پر جلسہ منعقد کرنے کے ساتھ سیرت طیبہ اور شریعت سے واقف ہونا ضروری ہے۔ جلسہ کے فوری بعد نعتیہ مشاعرہ کا آغاز ہوا جس کی نظامت جناب وحید گلشن ورنگل نے کی۔ حیدرآباد کے شعراء شاعر خلیج جلیل نظامی، ارشد شرفی، ٹپیکل جگتیالی، امجد سلیم کریم نگر، ورنگل کے شعراء اقبال درد، وحید گلشن، ناصر واحدی کے علاوہ میزبان شعراء ڈاکٹر رحیم رامش، خواجہ مجتہد الدین، محمد جاوید نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ اس موقع پر دینی مدرسہ کے طلباء نے بھی نعتیں پیش کی۔ جناب وحید گلشن نے جلسہ کی نظامت انجم دی اور اپنی مترنم آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی سی پی ، اے سی پی، بار اسوسی ایشن صدر چندرا رشی ایڈوکیٹ ، جلیل نظامی، محمد رافع متین ایڈوکیٹ، ڈاکٹر انیس صدیقی، وحید گلشن، محمد مجیب الرحمن، اکبر ضیاء اور دوسروں کی شال پوشی کی گئی۔ مولانا مفتی رضا کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ صدر جلسہ محمد مجیب الرحمن نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ بعد جلسہ طعام کا نظم کیا گیا۔ جلسہ میں رات دیر گئے جنگاؤں کے مسلمانوں کے علاوہ برادران وطن بھی موجود تھے ۔ محمد اطہر مدینہ مسجد صدر، اقبال محمد انور، محمد انیس، محمد کلیم، محمد ذکی، محمد افضل، محمدناہد، محمد چاچا ، محمد جانی نے اس جلسہ میں سرگرمی سے حصہ لیا۔