جنیوا ؍ بیجنگ ؍ نئی دہلی۔خوفناک اور جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ دنیا بھرمیں جاری ہے اور اس مہلک وائرس سے اب تک دنیا میں تقریباً 1.84 کروڑ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس کے انفیکشن کی وجہ سے تقریباً 6.97 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی موذی وبا نے دنیا بھر میں مسلسل اپنے خونخوار پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے ۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 84 لاکھ 44 ہزار 642 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 97 ہزار 189 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 60 لاکھ 71 ہزار 914مریض دواخانوں، قرنطینہ سینٹرزمیں زیرعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 64 ہزار 675 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 16 لاکھ 75 ہزار 539 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ابھی تک امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 58 ہزار 929 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 48 لاکھ 62 ہزار 174 ہو چکی ہے ۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 94 ہزار 702 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 27 لاکھ 51ہزار 665 تک جا پہنچی ہے ۔ہندوستان میں کورونا وائرس کے حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جارہے ہیں اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار سے زیادہ نئے کیسیس رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18.5 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 803افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ۔ ملک میں صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 12,30,510 ہوگئی ہے ۔ زیادہ تر ریاستوں میں صحت مند افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے فعال کیسیس میں صرف 6,941 عدد کا اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ان کی تعداد 5,86,298ہوگئی ہے ۔ اسی دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 38,938 ہوگئی ہے۔