دنیا میں کورونامتاثرین دیڑھ کروڑ سے زائد، مہلوکین 6.5 لاکھ

,

   

بیجنگ ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی: عالمی جان لیوا اور انتہائی مہلک کورونا وائرس کووڈ ۔19 کا قہر دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے اور 1.74 کروڑ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 6.76 لاکھ افراد کی جان جاچکی ہے ۔کورونا وائرس کی موذی وبا نے دنیا بھر میں مسلسل اپنے خونخوار پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 74 لاکھ 81 ہزار 961 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس جان لیوا وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 76 ہزار 824 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 58 لاکھ 63 ہزار 226مریض اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز میں زیرعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 66 ہزار334 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 9 لاکھ 41 ہزار 911 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ اب بھی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کووڈ19 مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔کورونا وائرس سے امریکہ میں اب تک 1 لاکھ 55 ہزار 285 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 46 لاکھ 34 ہزار 985 ہو چکی ہے ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کورونا وائرس کے امریکہ میں 21 لاکھ 94 ہزار 735 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 18 ہزار 783 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 22 لاکھ 84 ہزار 965 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 91 ہزار 377 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 26 لاکھ 13 ہزار 789 تک جا پہنچی ہے ۔ہندوستان میں لگاتار دوسرے دن بھی کورونا وائرس کے 52 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ صحت مند افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ایک دن میں 37 ہزار سے زیادہ افراد اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔