ریاض : سعودی عرب خواتین کو بااختیار بنانے میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے ۔ خواتین سعودی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ ہیںاور کئی دہائیوں سے وہ بعض معاشرتی اور ثقافتی پابندیوں کے تحت معاشی اُمور پر میں بھرپور طریقے سے شریک نہیں تھیں ۔اب سعودی عرب نے اپنی خواتین کی مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی تو انہیں حرمین شریفین کی دو مقدس ترین مساجد کے معاملات میں بھی شامل کیا ہے ۔ دو مقدس ترین مساجد مسجد حرام اور مسجد نبویؐ کی انتظامیہ میں اس وقت 34 خواتین شریک ہیں ۔ یہ وہ خواتین ہیں جنہیں انتظامات میں قائدانہ کردار دیا گیا ہے ۔ ان خواتین کو انتظامی عہدے دیئے گئے ہیں ۔ دونوں مقدس مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے کہا کہ یہ فیصلہ ادارہ کے ان فیصلوں کے ضمن میں کیا گیا ہے جس کے تحت صدارت عامہ دونوں مقدس مساجد کی خدمت کرنے کی اہلیت رکھنے والی خواتین کو موقع فراہم کرتی ہے ۔