دو کمسن بچوں کی عمریں 100 سال سے زیادہ

   

بریلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں دو کمسن بچوں کی عمریں 100 سال سے زیادہ ہیں۔ ان کے برتھ سرٹیفکٹ کے مطابق دو سالہ سنکیت کی عمر 102 سال اور 4 سالہ شجھ کی عمر 104 سال ہے۔ بریلی کی عدالت نے حال میں پولیس کو ویلیج ڈیولپمنٹ آفیسر اور ویلیج ہیڈ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جنھوں نے مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر غلط دستاویزات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ جہاں پور کے کھتر پولیس اسٹیشن بیلا گاؤں کے پون کمار عدالت سے رجوع ہوئے اور الزام عائد کیاکہ ان کے بھانجوں 4 سالہ شجھ اور 2 سالہ سنکیت کے پیدائشی صداقتنامے غلط جاری کئے گئے ۔ پون نے الزام عائد کیاکہ ویلیج ڈیولپمنٹ آفیسر سشیل چند اگنی ہوتری اور ولیج ہیڈ پروین مشرا نے ایک سرٹیفکٹ کیلئے 500 روپئے رشوت طلب کی تھی۔ اُنھوں نے دینے سے انکار کردیا تو سرٹیفکٹ میں پیدائش کی تواریخ کو 13 جون 1916 ء اور 6 جنوری 1918 ء تحریر کردیا گیا جبکہ حقیقی تواریخ 13-06-2016 اور 06-01-2018 ہے۔ تیج پال نے بتایا کہ عدالتی احکامات کی نقل وصول ہوچکی اور وہ اس پر ضروری کارروائی کررہے ہیں۔