دوباک میں ٹی آر ایس کی ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی یقینی

   

بی جے پی اور کانگریس پر عوام کو گمراہ کرنے کے الزام، موضع ملوپلی میں انتخابی مہم سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سنگاریڈی:ضلع سدی پیٹ کے حلقہ اسمبلی دوباک کے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ جہاں پر 3 نومبر کو راے دہی ہوگی۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں ٹی آر ایس پارٹی امیدوار سولی پیٹ سجاتا کی کامیابی کے لیے ٹی ہریش راؤ وزیر فینانس کی قیادت میں پارٹی قائدین و کارکنان شب و روز سعی کر رہے ہیں۔ ٹی ہریش راؤ وزیر فینانس نے حلقہ اسمبلی دوباک کے میرڈوڈی منڈل کے موضع ملو پلی میں منعقدہ ایک زبردست جلسہ عام سے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ مجوزہ ضمنی انتخاب میں عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ٹی آر ایس امیدوار سولی پیٹ سجاتا کو کامیاب بنانے کا ذہن بنا چکے ہیں۔ ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے صرف اکثریت کا تعین ہونا باقی ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی ریکارڈ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پھر ایک مرتبہ ثابت کردے گی کہ اس کو ریاست تلنگانہ کے عوام کی بھر پور تائد و حمایت اور اعتماد حاصل ہے اور عوام اپوزیشن جماعتوں کے جھوٹے پروپگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملوپلی موضع عوامی تحریکات کا گڑھ رہا ہے اور یہاں پر کمیونسٹ اور تلنگانہ تحریکات کا زبردست اثر رہا ہے۔ حلقہ اسمبلی دوباک کے سابق رکن اسمبلی آنجہانی رام لنگاریڈی نے بحیثیت جرنلسٹ عوامی تحریکات اور تحریک تلنگانہ سے وابستہ رہے اور 20 سال تحریک تلنگانہ میں سرگرم حصہ لیا۔ انھوں نے جرنلسٹ، جہد کار اور رکن اسمبلی کے طور پر عوامی آواز بن کر کام کیا۔ کسان اور غریب عوام کے مسائل پر جدوجہد کی اور حلقہ کی ترقی ان کی زندگی کا نچوڑ ہے۔ رام لنگا ریڈی دوباک سے دواخانہ گئے اور واپس دوباک ہی آئے۔ رام لنگا ریڈی نے بحیثیت ایم ایل اے دوباک کی ترقی کے لیے زبردست اور ناقابل فراموش خدمات انجام دی۔ پینے کے پانی کا مسئلہ دیرینہ اور بہت بڑا تھا ، ٹی آر ایس حکومت نے اس کی یکسوئی کی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس صرف انتخابات کے وقت عوام کے درمیان آتے ہیں اور جھوٹے پروپگنڈہ کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انتخابات کے بعد غائب ہو جاتے ہیں۔ انھیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔ انھوں نے تلنگانہ میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے دور دورہ کی برقراری کے لیے ٹی آر ایس امیدوار کو کار کے نشان پر ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی خواہش کی۔ ٹی آر ایس امیدوار سولی پیٹ سجاتا نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آنجہانی رام لنگا ریڈی کے نظریات اور ان کے ترقی کے مشن کو جاری رکھنے انھیں ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر پربھاکر ریڈی ایم پی میدک’ پدما دیوندر ریڈی ایم ایل اے میدک’ چنتا پربھاکر سابق ایم ایل اے سنگاریڈی’ سنیتا لکشما ریڈی سابق وزیر، جی سائلو صدر منڈل پرجا پریشد’ لکشمی زیڈ پی ٹی سی’ ایس بھارتی بھوپتی گوڑ سرپنچ’ ملا ریڈی’ رام ریڈی’ نرسملو’ راجی ریڈی’ پرشو راملو’ یلیا اور چندرم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔