کریم نگر۔ ضلع کریم نگر رامڑگ منڈل موضع ویدرہ میں بارش سے مختلف فصلوں کو ہوئے نقصانات کا معائنہ کرنے کے لئے زرعی عہدیدار یاسمین کے ساتھ تلگودیشم پارٹی کریم نگر پارلیمنٹ حلقہ صدر اے جوجی ریڈی نے چہارشنبہ کو کھیتوں میں جاکر سروے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت اپنے من مانی فیصلوں سے آمرانہ طرز پر عمل کرتے ہوئے کسانوں کی کمر توڑنے کا کام کررہی ہے۔ کسانوں سے اپنے ظالمانہ و آمرانہ طریقہ پر عمل کروارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول کی فصل کیلئے کسانوں کو مجبور کرررہی ہے ۔ کسانوں کے کھیتوں میں سونا مسوری آر این آر جیسی اقسام کے دھان اُگانے کیلئے انہیں زبردستی کی گئی لیکن اب یہ فصل کیڑ لگ کر خراب ہوجانے سے کسانوں کو زبردست نقصانات ہوئے ہیں۔ ایک ایکر میں ایک تھیلا ہی دھان ہاتھ آئی ہے جبکہ موٹے قسم کی دھان کی کاشت کرنے پر کافی فصل ہاتھ آتی تھی۔ مختلف قسم کی بیماریوں سے فصل خراب ہوگئی ہے۔ اب اس کے ساتھ مسلسل زبردست بارش کی وجہ سے دھان تباہ ہوگئی ہے۔ ایک ایکر پر کسان کو 50 ہزار کا خرچ آیا ہے چنانچہ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کو فی ایکر 50 ہزار کا معاوضہ دے۔ اس موقع پر جوجی ریڈی کے ساتھ رامڑگ منڈل پارٹی صدر ادی شیٹی، سدھاکر اسمبلی حلقہ ذمہ دار جنگم انجیا، اے لنگم، جے کروناکرریڈی، موضع کے صدر مہپال ریڈی، نارائن کے بشمول کسانوں کی کافی تعداد موجود تھی۔