دھرانی پورٹل کی برخواستگی کیلئے کانگریس کی چیف سکریٹری کو یادداشت

   


اراضی معاملات میں بے قاعدگیاں ، عوامی مسائل کے حل کیلئے چیف منسٹر دستیاب نہیں: ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔21 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے ایک وفد نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سیتکا ، سابق وزراء محمد علی شبیر ، ڈاکٹرجی چنا ریڈی ، ڈاکٹر این جناردھن ریڈی ، محمد اظہرالدین ، کودنڈا ریڈی ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین وفد میں شامل تھے۔ ریاست میں دھرانی پورٹل کے سبب عوام اور بالخصوص کسانوں کو درپیش مشکلات پر چیف سکریٹری کو یادداشت حوالے کرکے دھرانی پورٹل کی برخواستگی اور قدیم طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ قائدین نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نتیجہ میں اراضیات کے تنازعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت دھرانی پورٹل کو منسوخ کرکے قدیم طریقہ کار کو بحال کردے۔ سومیش کمار نے کانگریس قائدین کو دھرانی پورٹل کی کارکردگی سے واقف کرایا اور جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، ان کی درستگی کا تیقن دیا ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ پورٹل میں غلط اندراجات سے کسان اپنی اراضیات سے محروم ہورہے ہیں۔ جنگلاتی اراضی قانون پر عمل آوری میں دشواری ہوئی ہے۔ قبائل کو الاٹ کردہ اراضی کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری پورٹل سے دستبرداری اختیار کرے، بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بتایا کہ چیف سکریٹری کو کسانوں اور عام آدمی کی مشکلات سے واقف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر ملاقات کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی مسائل کی سماعت کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل کی نگرانی اور اسے چلانے کا کام حکومت کے بجائے دیگر ادارے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی اراضیاتا ور املاٹ کی تفصیلات کو راز میں رکھا جانا چاہئے لیکن یہاں غیر متعلقہ افراد کو تفصیلات فراہم کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں بے قاعدگیاں بڑھ چچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ پورا نہیں ہوا ہے ۔ کانگریس 30 نومبر کو ہر اسمبلی حلقہ میں دھرانی پورٹل کے خلاف احتجاج کریگی ۔ 5 ڈسمبر کو کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی پرامن ریاست کے ماحول کو بگاڑنا چاہتے ہیں۔ دونوں حکومتیں اپنی ناکامیوں کو چھپانے ایک دوسرے پر حملے کر رہی ہیں۔ر