دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ تک جدوجہد کیلئے راہول گاندھی کو مبارکباد

   

مودی حکومت کو طلبہ اور اپوزیشن کے آگے جھکنا پڑا، کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات اور سینئر کانگریس رہنما وی ہنمنت راؤ نے نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے دھرمیندر پردھان کے استعفی تک جدوجہد جاری رکھنے پر مبارکباد پیش کی۔ ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کے قائدین کی جہد مسلسل کو سراہا اور کہا کہ ایک طرف جنترمنتر پر ہزاروں کی تعداد میں طلبہ احتجاج کررہے تھے تو دوسری طرف راہول گاندھی نے پارلیمنٹ اور وزیر اعظم کے قیامگاہ کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو دھرمیندر پردھان کے استعفی کے لئے مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفی کا سہرا نوجوانوں اور کانگریس رہنما راہول گاندھی کے سر جاتا ہے جنہوں نے نیٹ امتحانی پرچہ کے افشاء کے بعد سے ہی غیر معمولی جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت آخر کار طلبہ اور نوجوانوں کے آگے جھکنے پر مجبور ہوچکی ہے حالانکہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کسی بھی وزیر کے استعفی سے صاف طور پر انکار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کو نیٹ امتحانی پرچہ کے افشاء کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بہت پہلے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں نے غیر معمولی جرأت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس مظالم کی پرواہ نہیں کی اور جنترمنتر پر احتجاج جاری رکھا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفی سے تعلیمی اصلاحات کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ حکومت کو طلبہ اور اپوزیشن کے دیگر مطالبات پر فوری عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر عائد کردہ مقدمات سے دستبرداری اور لاٹھی چارج کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ نیٹ امتحان کے افشاء سے متاثر ہوکر جن طلبہ نے خودکشی کرلی ان کے لواحقین کو مرکزی حکومت ایکس گریشیا ادا کرے۔ 1؍F