دھونی کی سبکدوشی پر ہنوز سوالیہ نشان ، افواہوں کا بازار گرم

   

چنئی : کیا ایم ایس دھونی بھی آئی پی ایل سے سبکدوش ہونے والے ہیں؟ آئی پی ایل 2025 کے وسط میں اچانک یہ سوال ایک بار پھر سب کی زبان پر ہے۔ دہلی کیپٹلس اور چنئی سوپرکنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران شائقین کی قیاس آرائیوں اور خوف میں اضافہ ہوا۔ اس کی وجہ دھونی کے والدین تھے، جو دھونی کے پورے کیریئر میں پہلی بار میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے لیکن کیا دھونی واقعی سبکدوش ہونے والے ہیں؟ ٹیم کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی نہیں جانتا اور دھونی اب بھی بہت مضبوطی سے کھیل رہے ہیں۔ چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ سے پہلے ہی دھونی کی سبکدوشی کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ اس کی وجہ دھونی کے دوبارہ کپتان بننے کا امکان تھا۔ دراصل یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ روتوراج گائیکواڑ اس میچ کے لیے فٹ نہیں ہوں گے اور ایسی صورت حال میں دھونی دوبارہ کپتانی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ میچ سے ٹھیک پہلے کمنٹیٹرز نے بتایا تھا کہ اس میچ کے لیے دھونی کے والدین بھی آئے تھے، جو دھونی کے 20 سالہ کیریئر میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ دھونی کو ٹیم کی قیادت نہیں کرنی تھی لیکن چونکہ ان کے والدین وہاں موجود تھے اس لیے ہر کوئی یہ ماننے لگا کہ اس میچ کے بعد دھونی سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ میچ کے بعد دھونی یا ان کی فرنچائز چنئی کی جانب سے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، لیکن پھر بھی مداحوں کے ذہنوں میں یہ سوال موجود ہے کہ کیا یہ دھونی کا آخری میچ تھا؟ ٹیم کی شکست کے بعد کوچ اسٹیفن فلیمنگ سے بھی یہ سوال پوچھا گیا اور انہوں نے اس بارے میں کوئی علم ہونے سے صاف انکارکردیا۔ فلیمنگ نے کہا افواہوں کو روکنا میرا کام نہیں ہے۔ مجھے اس کا کوئی علم نہیں ہے۔ مجھے اب بھی اس کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آتا ہے۔ وہ اب بھی مضبوط نظر آتا ہے۔ میں ان دنوں پوچھتا بھی نہیں۔ اسٹیفن فلیمنگ کے اس بیان سے دھونی کے شائقین کو شاید کچھ راحت ملی ہو لیکن انہیں حقیقی اطمینان تب ملے گا جب دھونی چنئی کے اگلے میچ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ چنئی کا اگلا میچ پنجاب کنگز کے خلاف 8 اپریل کو ملن پور میں ہے۔ اگر دھونی اس میچ میں کھیلتے ہیں تو شائقین کو راحت ملے گی لیکن اس سے پہلے اگلے چنددنوں تک دھونی اور چنئی کے شائقین بے چین ہوں گے کہ کیا انہوں نے دھونی کو آخری بار ایکشن میں دیکھا ہے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ چنئی سوپر کنگس کے کوچ فلیمنگ نے دھونی کی لمبی اننگز نہ کھیلنے کی وجہ بتائی ہے ۔کوچ کے بموجب دھونی کے گھٹنے میں تکلیف ہے اس لئے وہ زیادہ طویل اننگز نہیں کھیل سکتے ۔اس وجہ سے وہ بیٹنگ کیلئے کافی تاخیر سے میدان میں آرہے ہیں ۔