دہلی آتشزدگی واقعہ میں انسانی ہمدردی پر مقامی تاجر کو ایک لاکھ روپے کا انعام

   

جماعت اسلامی وفد نے ریاض الدین کی ستائش کی، دیگر مسلم نوجوانوں کی خدمات کو سراہا
حیدرآباد۔ 7 جون (سیاست نیوز) نئی دہلی کے مالویا نگر میں واقع ہوٹل میں آتشزدگی کے بھیانک واقعہ میں پھنسے ہوئے افراد کی جان بچانے میں مقامی مسلم نوجوانوں نے اہم رول ادا کیا۔ مقامی تاجر ریاض الدین منصوری نے اپنی دکان کے سارے میاٹریسیس ہوٹل کے باہر بچھا دیئے جس کے نتیجہ میں 12 سے زائد افراد نے کود کر اپنی جان بچائی۔ جماعت اسلامی ہند نئی دہلی یونٹ کے ذمہ داروں نے ریاض الدین منصوری سے ملاقات کی اور ان کے جذبۂ انسانی ہمدردی پر ایک لاکھ روپے کا خصوصی ایوارڈ پیش کیا۔ جماعت اسلامی کے وفد نے مقامی افراد سے ملاقات کی اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند نئی دہلی محمد سمیع اللہ خاں کی قیادت میں کمال احمد، ساقب یاسین، جاجد عمیر اور محمد نوشاد خاں نے ریاض الدین منصوری کو ایک لاکھ روپے نقد حوالے کئے۔ انہوں نے مقامی مسلم نوجوانوں کی جانب سے زخمیوں کو بچانے کی ستائش کی۔ جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ ریاض الدین نے اپنی دکان کے سارے میاٹریسیس ہوٹل کے سامنے پھیلا دیئے جس کے نتیجہ میں کئی افراد کی جان بچ گئی۔ محمد سمیع اللہ خاں نے مقامی نوجوانوں کے جذبۂ انسانی ہمدردی کی ستائش کی اور کہا کہ ریاض الدین نے 2 لاکھ روپے نقصان کی پرواہ کئے بغیر سارے میاٹریسیس حوالے کردیئے۔ مصیبت کے ماحول میں مقامی نوجوانوں کی خدمات دیگر علاقوں کے لئے مثالی بن چکی ہے۔ مقامی افراد نے بچاؤ کاموں میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے ایوارڈ پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ 1؍F