نئی دہلی : دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر)سمیت شمالی ہندستان کے بیشتر حصوں میں جنوری کے مہینے میں مانسون کی طرح بارش ہورہی ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں اتوار کے روز مسلسل دوسرے دن وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے معمول سے سات ڈگری سیلسیس زیادہ ہے ۔ وہیں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں اگلے ایک یا دو دنوں تک ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ دہلی اور این سی آر (لونی دیہات،ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن، بہادر گڑھ، غازی آباد، اندرا پورم، چھپرولا اور نوئیڈا) میں کہیں کہیں شدیدبارش اور کبھی بجلی چمکنے اور گرج کے ساتھ ہلکی و متوسط بارش ہوتی رہنے کا امکان ہے ۔