حیدرآباد22جولائی(یواین آئی) تلگو دیشم نے وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی پر 24 جولائی کو دہلی میں مجوزہ دھرنے کے منصوبہ پر تنقید کی اور اسے ایک سیاسی ڈرامہ قرار دیا اورکہا کہ اس کامقصد ریاست کے مسائل سے توجہ ہٹانا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلگودیشم کے لوک سبھا رکن ڈی پرساد راؤ نے جگن موہن ریڈی کے مقاصد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلی نے پہلے کبھی ریاست کی ترقی کیلئے قومی دارالحکومت میں دھرنا نہیں دیا تھا۔ ان کے دورے ہمیشہ ان کے مقدمات سے متعلق رہے ہیں۔ انہوں نے آندھرا کے مسائل کے بارے میں کبھی دھرنا نہیں دیا اور نہ ہی میڈیا سے خطاب کیا۔ راؤ نے الزام لگایا کہ وہ آندھرا کے عوام کو گمراہ کرنے ایک اور فرضی مہم میں ملوث ہیں۔انہوں نے جگن پر الزام لگایا کہ وہ تلگودیشم کو منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلگودیشم نے ہمیشہ ریاست کی ترقی پر توجہ دی ہے ۔ ماضی کا تذکرہ کرکے انہوں نے الزام لگایا کہ جگن نے انتخابی مہم کے دوران ڈرامہ بازی کی تھی۔آندھرا کے عوام نے ان ہتھکنڈوں کو دیکھا ہے ۔ انہوں نے انہیں اپوزیشن لیڈر تک نہیں بنایا۔رکن پارلیمنٹ نے آندھرا پردیش کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سے گمراہ نہ ہوں۔