دہلی میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی بھر جانے سے عام زندگی درہم برہم

   

نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) دہلی-این سی آر میں جمعرات کی صبح موسلا دھار بارش سے لوگوں کو امس بھری گرمی سے راحت ملی، لیکن دوسری طرف مختلف علاقوں میں پانی بھر جانے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے نظام زندگی متاثر ہوا۔ قومی راجدھانی کے دوارکا، سبروتو پارک، آؤٹر رنگ روڈ لاجپت نگر، آر کے پورم، لودھی روڈ، وسطی دہلی، شمال مشرقی دہلی، مشرقی دہلی میں شدید بارش ہوئی۔ مختلف علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھر رہا اور کچی کالونیوں میں لوگوں کے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ موسلا دھار بارش کے باعث انڈر پاس اور دیگر مقامات میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک جام کے باعث لوگ کئی گھنٹے کی تاخیر سے اپنے دفاتر پہنچے ۔ دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے 14 سے 17 اگست تک قومی راجدھانی کے لیے ریڈ الرٹ اور اتراکھنڈ کے اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا، “اگلے تین گھنٹوں کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، شمالی مدھیہ پردیش اور مغربی اتر پردیش میں متوسط سے شدید بارش ہوسکتی ہے ۔
اس کے علاوہ آج ہریانہ میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے ریاست کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام ہونے کا خطرہ ہے ۔
بارش کی وجہ سے دہلی ٹریفک پولس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ موڈ پر ہیں۔ بارش کے باوجود مختلف مقامات پر ٹریفک پولس اہلکار تعینات دیکھے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج دوپہر تک کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوگی اور آئندہ 24 گھنٹے میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث درجہ حرارت 24 سے 34 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب 68 سے 85 فیصد کے درمیان رہے گا ۔