نئی دہلی: قومی دارالحکومت کے کچھ اسکولوں سے بموں کی برآمدگی کے بارے میں واٹس ایپ پر وائرل پیغامات کو مسترد کرتے ہوئے دہلی پولیس نے جمعرات کو عوام سے اس کی صداقت اور معلومات کے ذرائع کی جانچ کرنے کی اپیل کی۔دہلی پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر سمن نلوا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، “کچھ اسکولوں سے کچھ مشکوک اشیاء کی برآمدگی کے بارے میں واٹس ایپ پیغامات کی شکل میں جعلی رپورٹس وائرل ہو رہی ہیں۔ یہ پیغامات سراسر غلط ہیں۔ براہ کرم اس طرح کے ہر پیغام پر یقین کرنے یا آگے بھیجنے سے پہلے اس کے پیچھے موجود معلومات کے ماخذ اور صداقت کی تصدیق کریں۔قابل ذکر ہے کہ بدھ کو دہشت گردانہ حملے کی دھمکی والے ای میل موصول ہونے کے بعد دہلی کے تقریباً سبھی اسکولوں اورقرب وجوار کے نوئیڈا اور غازی آباد کے کئی اسکولوں میں خوف پھیل گیا، جسے بعد میں حکومت اور پولیس نے ‘فرضی’ قرار دیا تھا۔ ای میل کی وجہ سے اسکولوں میں پڑھائی میں خلل پڑا اور وہاں اسکولوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی۔