نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے ملزم دہلی کے وزیر صحت اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر ستیندر جین کی عرضی پر منگل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس کرشنا مراری نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ای ڈی کو یہ نوٹس جاری کیا۔ نوٹس جاری کرتے ہوئے بنچ نے واضح کیا کہ وہ لانڈرنگ کے الزام سے متعلق خوبیوں اورخامیوں پر غورنہیں کرے گی، بلکہ وہ صرف نچلی عدالت میں چل رہے اس مقدمے کی منتقلی سے متعلق تنازع پر غور کرے گی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ چیف جسٹس یو۔ یو للت کی صدارت والی بنچ نے پیر کے روزمسٹرجین کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کے ذریعہ جلد سماعت کی التجا کو قبول کرتے ہوئے ، اس معاملے کو منگل کے روز سیریل نمبر ایک پر درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹرسبل نے خصوصی ذکر کے دوران درخواست کی تھی۔ ستیندر جین نے دہلی ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں اس نے ان کی نچلی عدالت میں درخواست ضمانت کی سماعت وہاں کی ایک دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے فیصلے پر مہرلگائی تھی۔ ستیندر جین نے دہلی کی راؤس ایونیو عدالت کے ذریعہ منظور کردہ حکم کو چیلنج کیا، جس میں ای ڈی کی درخواست کو یہیں کی ایک دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ای ڈی نے 5 اپریل کو منی لانڈرنگ کی جانچ کی بنیاد پر جین کی 4.81 کروڑ روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کیا تھا۔ اس کے بعد وزیر کو گرفتار کر لیا گیاتھا۔ یہ کیس 2015-17 کے دوران مختلف افراد کے نام پر جائیداد کے حصول سے متعلق ہے ۔