دینی مدارس کی کشادگی تا حکم ثانی ملتوی ۔ سرکاری احکام کا انتظار

   

حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) دینی مدارس کی کشادگی سرکاری احکامات کے بعد عمل میں لائی جائیگی ۔ حکومت کی ہدایات برائے تعلیمی ادارۂ جات پر عمل آوری کو یقینی بنایاجائیگا۔ دینی مداارس ماہ رمضان کے بعد کشادگی عمل میں آتی تھی لیکن اب تعطیلات میں توسیع کا اعلان کردیا گیا اور کہا جار ہاہے کہ مرکزی وریاستی حکومتوں کی جانب سے تعلیمی ادارۂ جات کی کشادگی کے ساتھ دینی مدارس کی کشادگی عمل میں لائی جائیگی ۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کی کشادگی پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اسی لئے مدارس نے بھی تا اطلاع ثانی مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دینی جامعات کی جانب سے طلبہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر رہیں اور اسباق کو دہراتے رہیں تاکہ جب مدارس کی کشادگی ہو انہیں کسی تکلیف سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ تعلیم پر اثر ہو۔ لاک ڈاؤن کے دوران کئی دینی مدارس میں طلبہ کی بڑی تعداد پھنسی ہوئی تھی اور حکومت کے اعلان کے بعد انہیں گھروں کو روانہ کیا گیا تھا اور اب دینی مدارس کی کشادگی بھی حکومت کے احکامات پر منحصر ہے ۔