وزیرتعلیم 11 جنوری سے ہر پیر کو گاؤں میں شب بسری کریں گی
حیدرآباد : ریاستی وزیرتعلیم سبیتااندرا ریڈی نے 11 جنوری سے ہر پیر کو گاؤں میں شب بسری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرتعلیم پہلے اپنے اسمبلی حلقہ مہیشورم سے اس پروگرام کا آغاز کریں گی۔ عوامی مسائل کو حل کرنے اور پچھڑے و پسماندہ دیہی علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سبیتا اندرا ریڈی نے اس پروگرام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیرتعلیم ہر پیر کو صبح میں گاؤں کے مختلف وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گی اور مسائل سے واقفیت حاصل کریں گی۔ شام میں وہ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کے ساتھ مسائل پر گفتگو کریں گی اور اس کی یکسوئی کیلئے حکمت عملی تیار کریں گی۔ سبیتا اندراریڈی نے اپنے اس پروگرام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے ان کا جہاں عوام سے تال میل بڑھے گا وہی مسائل کی فوری یکسوئی ہوگی اور عہدیداروں سے بھی وہ رابطہ میں رہیں گی۔ عوامی مسائل کو حل کرنے اور دیہی علاقوں کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے وہ اس پروگرام کو ترتیب دے چکی ہیں، انہیں امید ہے۔ ان کے اس پروگرم سے طویل عرصہ سے زیرالتواء مسائل کے علاوہ دوسرے مسائل بھی حل ہوں گے۔
