ذات پات سروے میں تفصیلات درج کرانے کیلئے صرف 2 دن باقی

   

پرانے شہر میں عمل سست روی کا شکار ، جن لوگوں نے ناموں کا اندراج نہیں کیا وہ فوری توجہ دیں

حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ذات پات کے سروے کے لیے 28 فروری آخری مہلت ہے ۔ جن لوگوں نے اپنے ناموں کا اندراج نہیں کیا ہے وہ مہلت ختم ہونے سے قبل اپنے ناموں کو شامل کرائے ۔ پرانے شہر میں ناموں کے اندراج کا سلسلہ سست روی سے جاری ہے ۔ ذات پات سروے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ۔ پرانے شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں عوام نے اپنے ناموں کا اندراج نہیں کیا ۔ ایسے لوگوں کو دوسرا موقع دینے کے لیے 28 فروری تک دوبارہ مہلت دی گئی ہے ۔ بی سی کمیشن کے صدر نشین جی نرنجن پرانے شہر کے مختلف اسمبلی حلقوں میں دورہ کرتے ہوئے ناموں کی شمولیت کے لیے شعور بیداری مہم چلا رہے ہیں ۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ کئی لوگوں نے سروے میں اپنے ناموں کا اندراج نہیں کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے سروے میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ ہر سرکل کے حدود میں تین ڈیویژنس ہیں ۔ ہر وارڈ آفس میں کمپیوٹر آپریٹرس کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔ سروے کرنے کے لیے ہر وارڈ میں ایک سوپروائزر اور ساتھ ہی 10 افراد پر مشتمل عملے کو نامزد کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے کے سروے میں ناموں کا اندراج نہ کرانے والوں کی سہولت کے لیے ٹول فری نمبر 040-21111111 پر ربط پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ اس نمبر پر فون کرنے پر کمپیوٹر آپریٹرس تفصیلات حاصل کرتے ہوئے سروے کے عملے کو اس کی اطلاع دے رہے ہیں ۔ سروے کا عملہ دیئے گئے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے گھروں کو پہونچکر تفصیلات درج کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ تفصیلات درج کرانے کے خواہش مند افراد آدھار کے علاوہ دیگر تفصیلات کے ساتھ وارڈ دفتر پہونچنے پر وہاں موجود کمپیوٹر آپریٹر یا سروے کرنے والے عملہ سے ملاقات کرنے پر فوری انہیں درخواست فارم پیش کرتے ہوئے تفصیلات درج کرارہے ہیں ۔ 2