ذات پات کی تفریق کو ختم کرنا سب کی ذمہ داری

   

نارائن پیٹ میں شہری حقوق کے تحفظ کیلئے بیداری پروگرام، ضلع ایس پی کا خطاب
نارائن پیٹ۔ یکم؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر یوگیش گوتم نے بتایا کہ ضلع نارائن پیٹ میں شہری حقوق کے دن کے طور پر ہر مہینے کے آخری دن پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ پولیس اور ریونیو افسران نارائن پیٹ ضلع کے تمام تھانوں کے کچھ گاؤں کا انتخاب کرتے ہیں اور ہر ماہ آخری دن اس گاؤں کا دورہ کرتے ہیں اس طرح ہر مہینے شہری حقوق کے دن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے ذات پات کی تفریق بہت زیادہ تھی، تاہم اب اتنی شدت نہیں ہے، لیکن یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ چھوت چھات اور ذات پات کی تفریق کو ختم کیا جائے۔ محکمہ پولیس نے دیہاتوں میں محکمہ ریونیو کے افسران کے ساتھ مل کر ST SC, ذاتوں کو بیدار کرنے اور انہیں با شعور بنانے کی طرف لے جانے کے لیے شہری حقوق کے تحفظ کا دن منایا جارہاہے۔ ان میں قوانین کے نفاذ کے بارے میں شعور پیدا کر کے بیداری پیدا کی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ذات پات کی تفریق کے خاتمے پر بیداری پیدا کرنے سے ہر کوئی با شعور وبیدار اور فعال ہوگا۔ ذات پات کے امتیاز، دلتوں کے زمینی تنازعات اور خواتین کی عصمت دری اور چھوت چھات کو روکنے کے لیے آج بھی دیہاتوں میں شہری حقوق کا دن منایا جانا بے حد ضروری ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سب کو متحد ہونا چاہئے۔ اس پروگرام میں پولیس، ریونیو افسران اور گاؤں کے عوام شرکت کررہے ہیں ۔