راج بھون ایٹ ہوم میں بھی چیف منسٹر اور وزراء کی عدم شرکت

   

تلنگانہ حکومت کیخلاف گورنر کی مرکز کو رپورٹ۔پڈوچیری میں بھی کے سی آر حکومت پر تنقید

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ریاستی وزراء اور بی آر ایس کے قائدین نے یوم جمہوریہ کے موقع پر شام میں راج بھون میں گورنر کی جانب سے اہتمام کردہ ایٹ ہوم میں شرکت نہیں کی ہے۔ اس تقریب میں سابق گورنر ودیا ساگر راؤ، تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے، صدر تلنگانہ تلگودیشم کے گیانیشور ، بی جے پی کے قائدین جی ویویک، کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، بابو موہن، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈی جی پی انجنی کمار کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ راج بھون میں صبح منعقد ہوئی یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر نے حکومت اور چیف منسٹر کو بالواسطہ تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر بھی ہیں‘ انہوں نے پڈوچیری میں بھی یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کی۔ بعد ازاں وہاں بھی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت اور چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دستوری قواعد کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ کے سی آر حکومت کے خلاف وہ مرکز کو رپورٹ روانہ کرچکی ہیں۔ گذشتہ دو سال سے تلنگانہ حکومت راج بھون سے سوتیلا سلوک کررہی ہے، جگہ جگہ پر ان کی توہین کی جارہی ہے۔ جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے کے معاملہ میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کھمم میں 5 لاکھ عوام کے ساتھ جلسہ عام منعقد کرسکتے ہیں مگر یوم جمہوریہ تقاریب کا انعقاد کرنے کے معاملہ میں کورونا کا بہانہ کیا جارہا ہے۔ دہلی کے علاوہ ملک کی تمام ریاستوں ( سوائے تلنگانہ ) میں بڑے پیمانے پر یوم جمہوریہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ حالیہ کچھ عرصہ سے پرگتی بھون اور راج بھون کے درمیان جو دوریاں تھیں اس میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ گورنر حکومت کے خلاف، وزراء اور بی آر ایس کے قائدین گورنر کے خلاف ریمارکس کرتے ہوئے ایک دوسرے کو نشانہ بنارہے ہیں۔ گذشتہ دو سال کے دوران صرف ایک مرتبہ چیف منسٹر چیف جسٹس ہائی کورٹ کی حلف برداری تقریب کیلئے راج بھون پہنچے تھے۔ اسمبلی میں منظورہ پانچ بلز کو گورنر نے ابھی تک منظوری نہیں دی ہے۔ گذشتہ سال بجٹ سیشن میں حکومت نے اسمبلی میں گورنر کا خطبہ نہیں رکھا تھا۔ جاریہ سال 2023 کا بجٹ سیشن 3 فروری سے شروع ہورہا ہے۔ گورنر کے خطبہ پر تجسس پایا جارہا ہے۔ن