حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے راج بھون میں سکم اسٹیٹ ڈے تقاریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر راج بھون میں رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر نے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف ریاستوں کے یوم تاسیس کو ملک بھر کے راج بھونس میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ریاستوں کے یوم تاسیس تقاریب سے ایک بھارت شریشٹ بھارت کے نظریہ کو استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکم ایک تاریخی اور تہذیبی روایات کی حامل ریاست ہے جہاں کے عوام قدرتی ماحول کے تحفظ میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ گورنر نے سکم میں تہذیبی اور روحانی اقدار کی موجودگی کا حوالہ دیا اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے آنجہانی وی راما راؤ کی گورنر سکم کی حیثیت سے خدمات کو یاد کیا۔ اس موقع پر سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے شرکت کی جن میں حیدرآباد میں مقیم سکم کے اہم افراد شامل ہیں۔ر