چیف منسٹر راجستھان بھجن لال شرما اور ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹی وکرامارکا کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے راجستھان پاور یوٹیلیٹی ادارہ کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت مشترکہ طور پر 3100 میگاواٹ برقی تیاری کے پلانٹس قائم کئے جائیں گے۔ 1600 میگاواٹ کے تھرمل اور 1500 میگاواٹ سولار پاور پلانٹ راجستھان میں قائم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی موجودگی میں سنگارینی کالریز اور راجستھان پاور یوٹیلیٹی نے جوائنٹ وینچر کے معاہدہ پر دستخط کئے۔ چیف منسٹر راجستھان بھجن لال شرما اور راجستھان کے وزیر برقی ہیرا لال ناگر بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر راجستھان نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ برقی کی تیاری میں اشتراک پر مسرت کا اظہار کیا۔ مشترکہ پراجکٹ کی مالیت اور منافع سنگارینی کالریز اور راجستھان راجیہ ودیوت اتپادھن نگم کے درمیان 74:26 کی شرح سے تقسیم کیا جائے گا۔ 136 سالہ تاریخ رکھنے والی سنگارینی کالریز نے توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ میں کوئلہ کے وافر ذخائر موجود ہیں اور راجستھان سولار برقی انرجی میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ تھرمل اور سولار برقی پیداوار کے سلسلہ میں راجستھان حکومت سے اشتراک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں ریاستوں کی حکومتوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں ہندوستان میں برقی بحران کے خاتمہ میں یہ معاہدہ اہم رول ادا کرے گا۔ چیف منسٹر بھجن لال شرما نے کہاکہ راجستھان حکومت نے ابھی تک کول انڈیا کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اور پہلی مرتبہ سنگارینی کالریز کمپنی سے معاہدہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مستقبل میں اُن کی حکومت مزید معاہدات کے لئے تیار ہے۔ پراجکٹس کے قیام کے لئے راجستھان حکومت بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کرے گی۔ 1