بھرت پور: راجستھان کے دھول پور میں باڑی علاقے کے کنچن پور علاقے میں پیر کو اسمبلی انتخابات کے بعد ہوئے تشدد اور کچھ علاقوں میں کشیدگی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولس اور انتظامیہ مکمل الرٹ موڈ میں ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار کیو آر ٹی اور آر اے سی فورس کے ساتھ تشدد سے متاثرہ علاقے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 110 کے قریب پولیس اہلکار بھی مختلف گاووں میں تعینات ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس تشدد میں زخمی ہونے والے 3 بچوں سمیت 10 لوگوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جن میں سے ایک نوجوان کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اسے جے پور ریفر کیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجی پورہ گاؤں کے رہنے والے 22 سالہ جگن اور اس کے بھائی کے بیٹے 23 سالہ سچن کے بال کٹوانے کے دوران مار پیٹ کے بعد مہوا کھیڑا کے ڈیڑھ درجن سے زائد لوگ پنجی پورہ گاؤں آئے اور جو بھی سامنے آیا اس کی پٹائی کی۔