راجناتھ سنگھ کا عاصم منیر پر طنز

   

نئی دہلی 22اگست (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر کے حالیہ بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ پاکستان کی معیشت کو ‘‘ڈمپر’’ مانتے ہیں تو یہ دراصل پاکستان کی ناکامی کا ایک اعتراف ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز یہاں ایک پروگرام میں جنرل منیر کے اس بیان پر تبصرہ کیا، جس میں انہوں نے ہندوستانی معیشت کو ’’ہائی وے پر دوڑتی ہوئی فراری‘‘ قرار دیا تھا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ بیان دراصل پاکستان کی ناکامی کو خود پاکستانی فوجی افسر کی طرف سے قبول کرنے جیسا ہے ۔ انہوں نے کہا، ‘‘حال ہی میں پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر اپنے بیان پر پاکستان کے اندر بھی اور دنیا بھر میں خوب ٹرول ہوئے ۔ سب نے یہی کہا کہ اگر دو ممالک ایک ساتھ آزاد ہوئے اور ایک ملک نے سخت محنت، درست پالیسیوں اور دور اندیشی سے ایک فراری جیسی معیشت کھڑی کر لی اور دوسرا ملک آج بھی‘ ‘ڈمپر’ کی حالت میں ہے ، تو یہ صرف اور صرف ان کی اپنی ناکامی ہے ۔