راجیو پارک کو نیویارک سنٹرل پارک کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ

   

امریکہ میں پارک کے مشاہدہ کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 11۔ اگسٹ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مغربی حصہ میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے نیو یارک کے ’سنٹرل پارک‘ کے طرز پر پارک کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے نیویارک کے دورہ کے دوران سنٹرل پارک کے مشاہدہ کے بعد شہر حیدرآباد میں اسی طرز پر ’’راجیو پارک ‘‘ پارک کے قیام کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ چوتھے شہر کو جو آباد کرنے کا منصوبہ ہے اس کے تحت 4100 ایکڑ پر محیط رہائشی اور تجارتی عمارتوں کے ساتھ ساتھ تفریحی مراکز کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اے ریونت ریڈی نے امریکہ کے دورہ کے دوران ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راجیو پارک میں صرف شجرکاری یا باغ نہیں ہوں گے بلکہ شہرکا نظارہ کرنے کے لئے اونچے مقام پر پلیٹ فارم کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں اسے سیاحت کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے نیویارک کے سنٹرل پارک کے طرز پر راجیو پارک کے قیام کو شہر کے مغربی حصہ میں ترقی دینے کے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مینہیٹن میں موجود سنٹرل پارک جو کہ 843 ایکڑ پر محیط ہے اور ہر سال اس پارک کا مشاہدہ کرنے کے لئے لاکھوں سیاح پہنچتے ہیں اسی طرح کے پارک جہاں فوڈ کورٹ‘ زوالوجیکل پارک‘ تھیٹرس ‘ کھیل کی جگہ اور تہذیبی پروگرامس کے لئے جگہ موجود ہیں اسی طرح کی سہولتوں کے ساتھ پارک کو ترقی دی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے نئے شہر کی بنیاد اور اسے عالمی نقشہ پر منفرد مقام حاصل ہو اس کے لئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جن میں شنگھائی ‘ دبئی اور ٹوکیو میں موجود عمارتوں کی طرز پر عوامی مشاہدہ کے لئے عمارتوں کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے راجیو پارک میں شنگھائی ٹاؤرکے طرز پر شہر کا مشاہدہ کرنے کے لئے عمارت کی تعمیر کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ اس مجوزہ پارک کی ترقی اور قیام کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی منفرد عمارتوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے اسے شہر حیدرآباد میں تعمیر کرنے اور شہر حیدرآباد کے تہذیبی ورثہ کو فروغ دینے کے علاوہ اس تاریخی شہر کو سیاحوں کی دلچسپیوں کے لئے منفرد بنانے کے اقدامات کئے جائیںگے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے عالمی سطح پر شہر حیدرآباد کو سیاحوں کے لئے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے شہر کے مغربی حصہ میں راجیو پارک کے قیام کے علاوہ 4100 ایکڑ پر محیط آبادی اور تجارتی عمارتوں کی ترقی کے اقدامات کا جائزہ لینے کی عہدیدارو ںکو ہدایت جاری کی ہیں۔3