نئی دہلی، 2 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھگوان شری رام کے مندر میں چندے کی چوری کے اصل گنہگاروں کو بچانے کا الزام لگایا ہے ۔ کجریوال نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ شری رام مندر میں چڑھاوا چوری ہوا ہے ، اب یہ سب لوگ مان رہے ہیں لیکن کیا اصل قصورواروں کو، جو بڑے بڑے بااثر اور طاقتور لوگ اس میں شامل ہیں، ان کو سزا مل پائے گی؟ ان کی گرفتاریاں ہوں گی؟ کیا ان کے خلاف کارروائی ہوگی؟ ہر جگہ خوب ہنگامہ مچایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کسی کو چھوڑیں گے نہیں، کسی کو بخشیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا واقعہ یہ ضرور دکھاتا ہے کہ مودی جی نے پورے معاملے کو رفع دفع کرنے ، اس کی پردہ پوشی کرنے اور قصورواروں کو بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود ایک ٹرسٹ بنایا اور انہوں نے ایک ایک شخص کو خود منتخب کیا ہے ۔ اس ٹرسٹ میں وزیر اعظم کے اپنے لوگ ہیں۔ چمپت رائے وزیر اعظم کے بہت خاص مانے جاتے ہیں۔ چمپت رائے ان کے اپنے آدمی مانے جاتے ہیں۔ سال 2021 میں وہاں زمینوں کے خوب گھوٹالے ہوئے ۔ ایک پاٹھک خاندان نے دو کروڑ کی زمین ان کی پارٹی کے ایک شخص کو بیچی اور 10 منٹ کے اندر اس شخص نے وہی زمین 18 کروڑ روپے میں مندر ٹرسٹ کو بیچ دی۔ 10 منٹ کے اندر دو کروڑ کی زمین 18 کروڑ کی ہو گئی۔ کیا وزیر اعظم کو اس کا پتہ نہیں چلا؟ پوری دنیا کو پتہ تھا، میڈیا میں بھی آیا تھا۔