راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے: مہیش کمار گوڑ

   

محنت سے کام کرنے والوں کو اہم عہدے، پارٹی عاملہ میں نوجوانوں کو مناسب نمائندگی، یوتھ کانگریس ٹریننگ کیمپ سے خطاب
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے اور جب کبھی ملک میں عام انتخابات ہوں گے راہول گاندھی کا وزیر اعظم بننا طے ہے۔ مہیش کمار گوڑ آج رنگار ریڈی ضلع کے مہیشورم میں تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے منعقدہ 3 روزہ ٹریننگ کیمپ کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے قومی اور پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے پیش قیاسی کی کہ راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے کیونکہ عوام انہیں وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سماجی انصاف کی فراہمی کے لئے رہول گاندھی نے ملک گیر سطح پر مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور یوتھ کانگریس میں محنت کرنے والے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت حاصل کرنا آسان نہیں ہے اور یوتھ کانگریس رکنیت کے اعتبار سے عالمی سطح پر بڑی تنظیم ہے۔ پارٹی کے کئی اہم قائدین نے یوتھ کانگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوئے۔ آنجہانی راجیو گاندھی اور راہول گاندھی بھی یوتھ کانگریس میں سرگرم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش کے چیف منسٹر، اروناچل پردیش کے سابق چیف منسٹر این ایس یو آئی سے تعلق رکھتے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ محنت اور ڈسپلن کی پابندی کرنے والے کارکنوں کو اہم ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں محنت اور دیانتداری اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی چہاتے ہیں کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں نوجوانوںکو موثر نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کو عوام تک پہنچانا یوتھ کانگریس کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز کریں اور حکومت کی اسکیمات کی تشہیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے محافظ دستہ کے طور پر یوتھ کانگریس کو کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ ان کی خدمات کا پارٹی اور حکومت میں بہتر صلہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے استحکام کے لئے جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو اہم عہدے دیئے جائیں گے۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے صدر نشین شیواسینا ریڈی، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے انچارج سرابھی اور ریاستی صدر شیواچرن ریڈی نے مخاطب کیا۔ 1