بھوک ہڑتال شروع کرنے محروس کانگریس کارکنوںکی دھمکی
حیدرآباد۔6۔ مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی میں راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت کے حصول میں ناکامی کے بعد چنچل گوڑہ جیل کے حکام نے بھی راہول گاندھی کو جیل میں محروس این ایس یو آئی کارکنوں سے ملاقات کی اجازت سے انکار کردیا ہے۔ این ایس یو آئی صدر بی وینکٹ اور دیگر 17 کارکن عدالتی تحویل کے تحت جیل میں ہیں ۔ راہول گاندھی ان سے ملاقات کے خواہاں تھے۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس جیل ڈپارٹمنٹ جتیندر اور سپرنٹنڈنٹ چنچل گوڑہ جیل سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے ملاقات کرکے راہول گاندھی کو محروسین سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔ جیل حکام نے اجازت سے انکار کرتے ہوئے کانگریس کو فیصلہ سے واقف کرایا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت کا مطالبہ کرتے ہوئے این ایس یو آئی کارکنوں نے وائس چانسلر دفتر کے روبرو احتجاج کیا تھا ۔ پرتشدد احتجاج پر انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے 14 دن کی تحویل کے تحت چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔ راہول گاندھی کو چنچل گوڑہ جیل کے دورہ کی اجازت سے انکار کے بعد محروس کانگریس کارکنوں نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ نے کہا کہ راہول گاندھی دہشت گردوں سے نہیں بلکہ کانگریس کارکنوں سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ جیل حکام کا رویہ کانگریس کارکنوں کے ساتھ دہشت گردوں کی طرح ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کے پروگرام کی اجازت کا مطالبہ کرنے پر مقدمات دائر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر جیل میں محروس تمام کارکن بھوک ہڑتال کریں گے۔ ر