راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا مکتھل سے آغاز، عوام میں جوش و خروش

   


جگہ جگہ استقبال ، فنکاروں کے ساتھ مل کر ڈھول بجایا ، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔27 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تین دن کے وقفہ کے بعد آج نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے دوبارہ شروع ہوئی۔ اس یاترا میں کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں شریک تھے اور راہول گاندھی کے ہمراہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا، مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر قائدین ساتھ چل رہے تھے۔ راہول گاندھی نے ریونت ریڈ ی اور بھٹی وکرمارکا سے راستہ میں تلنگانہ کے مختلف مسائل پر بات چیت کی ۔ بھارت جوڑو یاترا کا آج 50 واں دن ہے۔ یاترا کے دوران عوام نے جگہ جگہ راہول گاندھی کا استقبال کیا اور راہول گاندھی ہاتھ ہلا کر عوام کے خیر مقدم کا جواب دے رہے تھے۔ بھارت جوڑو یاترا نے چار ریاستوں کے 18 اضلاع میں 1230 کیلو میٹر کا احاطہ کیا ہے۔ ٹاملناڈو ، کیرالا ، کرناٹک اور آندھراپردیش کے بعد یاترا تلنگانہ میں جاری ہے۔ تلنگانہ سے مہاراشٹرا میں یاترا داخ ل ہوگی جہاں 8 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ٹاملناڈو کے کنیا کماری سے 7 ستمبر کو یاترا کا آغاز ہوا تھا ۔ راہول گاندھی پارٹی کے نئے صدر ملکارجن کھرگے کی جائز ہ تقریب میں شرکت کے بعد نئی دہلی سے واپس ہوئے اور آج صبح 6.30 بجے یاترا کا آغاز کیا ۔ تلنگانہ میں یہ یاترا 16 دنوں تک جاری رہے گی اور 19 اسمبلی اور 7 پارلیمانی حلقوں میں 365 کیلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے 7 نومبر کو مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں داخل ہوگی ۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کر رہے ہیں اور مختلف مذاہب کی عبادتگاہوں میں خصوصی دعائیہ اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے ملک میں اتحاد و یکجہتی کے پیام کو عام کر رہے ہیں۔ یاترا کے دوران فنکاروں نے راہول گاندھی کا روایتی انداز میں خیرمقدم کیا۔ چائے کے وقفہ کے بعد راہول گاندھی نے فنکاروں سے ملاقات کی اور ڈھول بجایا۔ انہوں نے فنکاروں میں گھل مل کر ان سے ان سے بات چیت کی ۔ سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن یاترا میں شریک ہیں۔ جگہ جگہ پارٹی کی جانب سے شاندار استقبال کیا جارہا ہے۔ عوام بھی راستے میں اس یاترا میں شامل ہوتے جا رہے ہیں‘۔ ر