مسلمانوں کو نظر انداز کر کے ملک کی ترقی کی توقع نہیں رکھی جاسکتی : عامر علی خاں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے سارے ملک میں خاموش انقلاب آرہا ہے ۔ لوگ بڑے پیمانے پر کانگریس سے جڑ رہے ہیں ۔ کانگریس کیڈر میں بھی نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ سنگاریڈی میں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں سے ملک و ریاست کی تازہ حالت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈگ وجئے سنگھ بحیثیت یاتری ابتداء سے بھارت جوڑو یاترا میں راہول گاندھی کے ساتھ چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کیرالا ، تاملناڈو ، کرناٹک ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں جاری یاترا پر اپنے تجربات اور تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاحال راہول گاندھی اور دوسرے یاتری تقریبا 1300 کلو میٹر پیدل چل چکے ہیں ۔ شام ہوتے ہوتے سب تھک جاتے ہیں ۔ مگر عوام کی پیار و محبت یاتری کو آگے بڑھنے میں بہت بڑا حوصلہ دے رہی ہے جس کی وجہ سے سب دوسرے دن پیدل چلنے میں نئی طاقت محسوس کررہے ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جناب عامر علی خاں کو بتایا کہ ہر ریاست کے اپنے الگ مسائل ہیں ۔ سماج کے مختلف مذاہب اور طبقات کے عوام راہول گاندھی سے ملاقات کررہے ہیں اور انہیں مسائل سے واقف کرارہے ہیں ۔ تلنگانہ کے مسائل بالخصوص اقلیتوں کے مسائل سے وہ واقف ہیں اور بھی کئی مسائل ہیں جس کو راہول گاندھی تک پہونچانے کی ضرورت ہے تو اس کو پیش کرنے کی انہوں نے جناب عامر علی خاں سے خواہش کی ۔ جس پر جناب عامر علی خاں نے مسلمانوں کے تعلیمی ، معاشی ، سماجی مسائل پر جہاں روشنی ڈالی وہیں مسائل کی یکسوئی کے لیے تجاویز بھی پیش کئے ۔ مسلمانوں کو ترقی میں برابر کا حصہ دار بنانے پر زور دیا اور کہا کہ مسلمانوں کو ترقی اور بنیادی حقوق سے محروم کرتے ہوئے ملک کی ترقی کی ہرگز توقع نہیں رکھی جاسکتی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ملک کا ماحول تبدیل کرنے کے لیے کانگریس پارٹی خصوصی منصوبہ کے تحت کام کررہی ہے ۔ یقینا اچھے دن عوام کے ضرور آئیں گے ۔ دستور اور جمہوریت کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اس کے لیے سب کو اپنے اپنے طور پر بھی کام کرنا چاہئے ۔ کانگریس کی قیادت سینئیر و تجربہ کار قائد ملیکارجن کھرگے نے قبول کی ہے ۔ تلنگانہ میں بھی کانگریس تیزی سے مستحکم ہورہی ہے ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل بھی موجود تھے ۔۔ ن