حیدرآباد۔8۔ستمبر۔(سیاست نیوز) رحمت بیگ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اپنی رکن قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے!رکن قانون ساز کونسل مرزا رحمت بیگ جو مدینہ منورہ میں تھے وہ مجلس کی جانب سے روانہ کردہ وفد سے مذاکرات کی تکمیل کے بعد آج دن میں حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ بتایا جاتاہے کہ ہے کہ حیدرآباد واپسی کے ساتھ ہی قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی نے انہیں اندرون 24 گھنٹے مستعفی ہونے کا وقت دیا ہے اور کہا کہ اگر وہ قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی نہیں ہوتے ہیں تو پارٹی سے اخراج کے بعد اب مجلس ان کی حرکتوں کے تعلق سے صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سے شکایت کرتے ہوئے ’’ایتھکس کمیٹی ‘‘ کو تمام ویڈیوز حوالہ کرتے ہوئے رکنیت ختم کروانے کے اقدامات پر مجبور ہوجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ رحمت بیگ کی غیر اخلاقی حرکتوں پر مشتمل ویڈیو اگر منظر عام پر آجاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کے خلاف ’ایتھکس کمیٹی ‘ کو کاروائی کا اختیار حاصل ہوجائے گا علاوہ ازیں بہ حیثیت رکن قانون ساز کونسل کی جانے والی معاملتوں کے متعلق بھی صدرنشین کونسل سے شکایت کرتے ہوئے ان کی رکنیت کو منسوخ کروانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ 28 اگسٹ کی رات دیر گئے رحمت بیگ کو مجلس سے خارج کرتے ہوئے انہیں اس بات کی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں لیکن انہو ںنے قانون ساز کونسل کو اپنا استعفیٰ روانہ کرنے کے بجائے خود سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق ان سے مذاکرات کے لئے پہنچنے والے وفد سے بات چیت کے دوران رحمت بیگ نے ان کی شرائط کو قبول کرلئے جانے پر استعفیٰ دینے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ جن ’معاملتوں‘ میں وہ شامل ہیں اگر ان میں 50 فیصد حصہ ان کے حوالہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں وہ ’’مستعفی‘‘ ہوجائیں گے بصورت دیگر وہ 6 سال رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے مکمل کریں گے۔ صدر مجلس بیرسٹراسدالدین اویسی کی نگرانی میں جاری ان کاوشوں کے دوران رحمت بیگ کی واپسی کے ساتھ ہی قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی نے معاملہ میں مداخلت کا فیصلہ کیا اور سخت الفاظ میں انہیں انتباہ دیتے ہوئے پارٹی کے اخراج کے بعد اب تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکنیت منسوخ کروانے کے سلسلہ میں مختلف طریقہ کار کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر رحمت بیگ کا ’ویڈیو‘ منظر عام پر آتا ہے تو ایسی صورت میں ’صدرنشین کونسل ‘ سے ان کی غیر اخلاقی حرکتوں پر شکایت کرتے ہوئے ان کی رکنیت کو منسوخ کرنے کی درخواست کی جاسکتی ہے اور صدرنشین کونسل اس شکایت کو ’ایتھکس کمیٹی ‘ سے رجوع کرواتے ہوئے اس پر عاجلانہ فیصلہ کو یقینی بناسکتے ہیں۔3/i/k