یوم قومی تعلیم و اقلیتی بہبود کے دعوت نامہ میں نام شامل ہونے پر دعوت نامے ضائع
حیدرآباد۔10۔نومبر(سیاست نیوز) رحمت بیگ نے مجلس کو ہی بدنام نہیں کیا ہے بلکہ اس کی ویڈیو ملت کی ذلت و رسوائی کا سبب بن رہی ہیں۔ رحمت بیگ کا نام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختص بجٹ کو بھی نقصان پہنچانے کا سبب بن رہا ہے!جی بالکل محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے محکمہ پروٹوکول کی جانب سے دعوت نامہ کی اشاعت کے لئے دیئے گئے ناموں کو شامل کرنے کے بعد ’تقریب یوم قومی تعلیم و یوم اقلیتی بہبود‘ کے دعوت نامہ شائع کروانے کے بعد ان دعوت نامو ںکو ضائع کرتے ہوئے دوسرے دعوت نامے شائع کروائے گئے جن میں ’رحمت بیگ‘ کے نام کو حذف کرنے کے بعد ناموں کی ترتیب کو بھی تبدیل کردیا گیا۔ 11نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے 138ویں یوم پیدائش پر محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت موجود ادارۂ جات تلنگانہ اردو اکیڈیمی اور تلنگانہ اقلیتی اقامتی انسٹیٹوشنس سوسائیٹی کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے پروگرام کے دعوت نامے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے درمیان موضوع مذاق بنے ہوئے ہیں کیونکہ اس ایک تقریب کے لئے 2 دعوت ناموں کی تیاری عمل میں لائی گئی کیونکہ پہلے جو دعوت نامے شائع کئے گئے تھے ان دعوت ناموں میں مرزارحمت بیگ کا نام شام رکھا گیا تھا اور عہدیداروں کا استدلال تھا کہ پروٹوکول کے اعتبار سے مرزار حمت بیگ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن ہیں اور ان کا نام دعوت نامہ میں شامل کیا جانا چاہئے لیکن اس ’دعوت نامہ ‘ کی اشاعت کے بعد جب یہ دعوت نامہ مجلسی قیادت کی نظر میں آیا تو قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی اور صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے دعوت نامہ میں مرزا رحمت بیگ کا نام شامل کئے جانے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اس نام کو حذف کرنے کی محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی جس پر محکمہ اقلیتی بہبود نے فوری اقدامات کرتے ہوئے دوسرے دعوت ناموں کی تیاری کا فیصلہ کیا۔ابتداء میں شائع کئے گئے دعوت ناموں کے لفافہ پر مولانا آزاد کی تصویر کے ساتھ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین ‘ نائب صدرنشین جناب محمد فہیم قریشی کے علاوہ جناب طاہر بن حمدان صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی تصاویر تھیں لیکن دوسری مرتبہ جو دعوت نامہ شائع کیاگیا جس میں مرزا رحمت بیگ کا نام شائع نہیں کیاگیا اس دعوت نامہ کے لفافہ پر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ مشیر برائے اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ جناب محمد علی شبیر کی تصاویر کا اضافہ کیاگیا۔3
11 نومبر کو محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام مذکورہ اداروں کے بجٹ کا استعمال کرتے ہوئے منعقد کئے جانے والے پروگرام کا سیوالعل بھون ‘ بنجارہ ہلز میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اور اس پروگرام کے دوران اردو اکیڈیمی کے ذریعہ دیئے جانے والے ایوارڈس دیئے جائیں گے ۔بتایاجاتاہے کہ 11 بجے دن منعقد ہونے والے اس پروگرام میں حکومت تلنگانہ کے نمائندہ وزراء کی شرکت کو یقینی بنانے کی محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار کوشش میں مصروف ہیں ۔ پروگرام کے دوران محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چلائی جانے والی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کروانے کے علاوہ محکمہ کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں کی کارکردگی کی تفصیلات بھی پیش کئے جانے کی توقع ہے ۔3