ایڈیلیڈ ۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ایسی غلطی کی کہ وہ ایک بڑا عالمی ریکارڈ بنانے سے محروم رہے۔ دراصل پاکستانی کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف 6 بیٹرس کے کیچز لیے۔ اگر وہ ایک اورکیچ پکڑ لیتے تو ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیتے ۔ انہیں موقع ملا اور نسیم شاہ کی گیند پر ایڈم زمپا نے کیچ دیا لیکن رضوان یہ آسان کیچ چھوٹ بیٹھے۔ جس کے نتیجے میں وہ عالمی ریکارڈ بھی نہ توڑ سکے اور زمپا نے میزبان ٹیم کے مجموعی اسکور میں16 رنز کا اضافہ بھی کیا ۔ دراصل جب پاکستانی کپتان نے ایڈم زمپا کا کیچ چھوڑا تو اس وقت آسٹریلیا کا اسکور9 وکٹوں پر147 رنز تھا۔ اس کے بعد ایڈم زمپا نے اس کا فائدہ اٹھایا اور آسٹریلیا کے اسکورکو 163 رنز تک لے گئے۔ جس کے نتیجے میں پاکستان کو 16 رنزکا نقصان اٹھانا پڑا۔ اگر محمد رضوان ایک کیچ لیتے تو ایک ونڈے میں 7 کیچ لینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہوتے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ ایک ونڈے میں 6 کیچ لینے کا کارنامہ 12ویں بار ہوا ہے۔ مجموعی طور پر7 وکٹ کیپرز نے ایک ونڈے میں 6 کیچ لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ سابق آسٹریلیائی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ 4 مرتبہ ونڈے میں6 کیچز لے چکے ہیں، آج رضوان کے پاس انہیں پیچھے چھوڑنے کا موقع تھا لیکن وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔