رواداری ، دکن کے علماء کا سرمایۂ امتیاز

   

دیوبند و بریلویت کی مسلکی خانہ جنگی ، ملت لہولہان
فقیہ دکن حضرت مفتی سید شاہ صادق محی الدین فہیمؔ کا وداعی پیغام

وہی ہے صاحب امروز جس نے اپنی ہمت سے
زمانے کے سمندر سے نکالا گوہر فردا
خاکسار نے ایک مرتبہ خواب میں اپنے پیر و مرشد حضرت ابوالخیرات سید انواراللہ شاہ نقشبندی مجددی و قادریؒ نبیرۂ حضرت محدث دکنؒ کی زیارت کی ۔ ایک ہجوم آپؒ کو گھیرے ہوئے تھا ۔ آہستہ آہستہ میں آپ ؒکے قریب پہنچا اور عرض کیا : ’’میں سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے بزرگوں کے طریقہ پر چلنا چاہتا ہوں ‘‘ تو حضرت قبلہ ؒ نے اپنے والد گرامی حضرت ابوالبرکات سید خلیل اللہ شاہ نقشبندیؒ کے لب و لہجہ میں فرمایا : بہت آسان ہے ، آپ سچائی کے راستہ کو اختیار فرمالیجئے ‘‘ ۔ جب نیند سے بیدار ہوا تو قرآن مجید میں لفظ ’’الصدق: سچائی‘‘ کے استعمالات کو تلاش کرنے لگا تاکہ اس لفظ کے معنی و مفہوم کی وسعت و گہرائی کا اندازہ ہوسکے ۔ غور و فکر کرنے سے احساس ہوا کہ یہ لفظ ’’ دروغ گوئی ‘‘ کے مقابل میں راست بازی اور سچائی کے معنی میں استعمال تو ہوتا ہے لیکن یہ صفت حقیقت میں جامع الصفات ہے جس سے متصف ہوکر مسلمان نہ صرف کامل و آئیڈیل بن جاتا ہے بلکہ وہ دوسروں کو بھی ہاتھ تھام کر درجۂ کمال تک پہنچاتا ہے ۔ مزید برآں وہ عملی زندگی میں کئی ایک افراد کو اس مقام ِ صدق تک پہنچاکر نہایت خوش اسلوبی سے اپنی حسن خدمت سے سبکدوش ہوتا ہے اور مراحم خسروانہ کا حقدار قرار پاتا ہے نیز جس بات کو وہ اپنی فکر اور رائے میں بعد تحقیق حق جان لیتا ہے تو وہ اس پر پوری استقامت سے کھڑا رہتا ہے ۔ اس کے مقابل میں نفرت و عداوت کی آندھی یا طوفان سے رمق برابر متاثر نہیں ہوتا بلکہ ہمہ تن اپنی مشن کی تکمیل میں فکرمند رہتا ہے اور کمال دانشمندی سے اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہوجاتا ہے ۔
یقین افراد کا سرمایۂ تعمیر ملت ہے
یہی قوت ہے جو صورت گر تقدیر ملت ہے
چنانچہ فقیہ دکن حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؒ اپنے نام کی طرح قول و فعل میں ’’صادق ‘‘ اور ظاہر و باطن میں ’’صادق ‘‘ تھے ۔ جو عہد و پیمان بحیثیت بندہ اپنے رب کے تئیں اور جو ذمہ داریاں بحیثیت فرزند ، شاگرد ، دوست ، رشتہ دار ، شوہر ، والد ، معلم ، مربی ، عالم دین ، مفتی ، مصلح ، مفکر غرض ایک عام ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے آپ پر عائد تھیں۔ آپ نے اپنی مختلف نوعیت اور مختلف جہت کے اعتبار سے ہر ہر ذمہ داری کو حتی المقدور سلیقہ مندی سے اور امانت و دیانت سے سرانجام دیا ۔ بلاشبہ آپ کی ذات مبارک اسم بامسمی تھی ۔ آپ پر درج ذیل آیت صدیقہ صادق آتی ہے جس میں ذکر ہے کہ مومنین میں سے بعض ایسے بندگانِ خدا ہیں جنھوں نے اﷲ تعالیٰ سے کئے گئے اپنے عہد و پیمان کو سچا کر دکھایا اور کوئی کمی بیشی نہیں کی اور اﷲ تعالیٰ نے بھی ’’صادقین‘‘ کو اُن کے صدق کی کامل جزا دینے کا وعدہ فرمایا ہے (مفہوم آیت نمبر ۲۲۔۲۳ سورۃ الاحزاب)۔
حضرت فقیہ دکن کی زندگی میں حسن اخلاق ، محبت و روداری ، خدمت خلق اور فکر آخرت کا جو حسین امتزاج دکھائی دیتا ہے وہ اس نبوی معیار کی یادد لاتا ہے جسے رسول اکرم ﷺ نے فضیلت اور حقیقی دانائی کا پیمانہ قرار دیا ہے ۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک انصاری صحابی بارگاہ رسالت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا : ’’مومنین میں سب سے افضل کون ہے ؟ ‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا ’’اُن میں جو سب سے زیادہ حسن اخلاق کا حامل ہے ‘‘ ۔ تو انھوں نے عرض کیا : ’’مومنین میں سب سے زیادہ عقلمند کون ہے ؟‘‘ ۔ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’اُن میں جو سب سے زیادہ موت کا ذکر کرنے والا اور اُن میں آخرت کی سب سے زیادہ تیاری کرنے والا ہے … یہی لوگ عقلمند ہیں ۔ (ابن ماجہ)
متذکرہ حدیث شریف کی روشنی میں جب ہم استاذ گرامی حضرت فقیہ دکن کی زندگی کا جائزہ لیتے ہیں تو اخلاق کی پاکیزگی ، زبان کی حفاظت ، دل کی سلامتی ، حسن سلوک ، صلہ رحمی ، بڑوں کا ادب ، خدمت و اطاعت ، چھوٹوں پر شفقت ، جذبۂ ہمدردی و غمخواری ، نرمی ، کشادہ دلی، ملنساری ، خندہ پیشانی ، مہمان نوازی اور دلجوئی یہ سب آپ کی شخصیت میں نمایاں نظر آتے ہیں ۔ آپ کا برتاؤ اپنے پرائے ، دوست و مخالف ، شناسا و غیرشناسا سب کے ساتھ محبت ، احترام اور خیرخواہی پر مبنی تھا ۔ وہ ہر انسان کو احترام کا مستحق سمجھتے تھے۔صوفی المشرب اہلسنت والجماعت کے عقائد و معمولات پر سختی سے کاربند تھے تاہم آپ کا دامن تعصب سے پاک تھا ۔ دیوبندی ہوں یا بریلوی ، تبلیغی جماعت سے وابستہ ہوں یا جماعت اسلامی سے ، اہلحدیث ہوں یا شیعہ ، وہابی ہوں یا کسی اور مکتب فکر کے پیروکار حتی کہ ہندو ، سکھ ، عیسائی یا کوئی اور برادران وطن ہر ایک سے خندہ پیشانی اور حسن سلوک سے پیش آنا ، اُن کی دعوت کو قبول کرنا ، اُن کا اکرام کرنا اور اُن کے ساتھ عزت و احترام کا معاملہ کرنا آپ کا وصف خاص تھا ۔آپ نے اپنے طرز عمل سے یہ ثابت کیا کہ اپنے عقیدہ و مسلک پر مضبوطی سے قائم رہنے کیلئے دوسروں سے نفرت کرنا ضروری نہیں ، اپنے مسلک کی ترجمانی کے لئے دوسرے مسلک کے پیروکار سے بدزبانی یا قطع تعلقی لازمی نہیں۔ علامہ اقبالؔ نے اس مرض کی جڑ پر ضرب لگاتے ہوئے کیا خوب کہا ہے ؎
شجر ہے فرقہ آرائی ، تعصب ہے شجر اُس کا
یہ وہ پھل ہے کہ جنت سے نکلواتا ہے آدام کو
آپ کے پاکیزہ دل میں کسی سے متعلق رمق برابر کچھ میل نہیں تھا۔ آپ بارہا اپنے اہل خانہ کو نصیحت کرتے کہ اگر آپ کو کسی سے کوئی تکلیف پہنچی ہو تو اُس کو معاف کردو اور اپنے سینے کو پاک و صاف رکھو کیونکہ یہ تکلیف درحقیقت منجانب اﷲ ہے ۔ تکلیف دینے والے کو معاف کرکے اﷲ تعالیٰ سے اپنی معافی کی درخواست کرو اور بارہا اپنے اہل خانہ کو یہ شعر سناتے ؎
میری زبان قلم سے کسی کا دل نہ دکھے
کسی سے شکوہ نہ ہو زیرآسماں مجھ کو
قلب کی صفائی اور سلامتی کی وجہ سے آپ کا نفس ’’نفس مطمئنہ‘‘ ہوچکا تھا ۔ آپ کی زندگی کی جو آخری تحریر تھی اُس کا عنوان تھا ’’ دل کا روحانی پہلو ‘‘ اور مضمون کا اختتام اُن اشعار پر ہوتا ہے ۔ ؎
حریم قدس میں ایمان کامل لے کے آیا ہوں
مرادیں لے کے سب آئے ہیں میں دل لے کے آیا ہوں
گدائے عشق ہوں نذرانۂ دل لے کے آیا ہوں
یہی اک چیز تھی لانے کے قابل ، لے کے آیا ہوں
آپ کے عالی اخلاق و کردار اور مقبولیت کا نتیجہ تھا کہ آپ کے جنازہ میں مختصر وقت میں چاہنے والوں کا سیلاب اُمنڈ آیا اور ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے عقیدتمند شریک ہوئے ، سب کے دل غمگین اور آنکھ نمناک تھیں ۔ آپ کے بڑے صاحبزادے محترمی مولانا حافظ و قاری سید فاروق محی الدین زیدمجدہ مولوی کامل نظامیہ نے جامعہ نظامیہ میں نماز جنازہ کی امامت کی اور نقشبندی چمن میں آپ کی تدفین عمل میں آئی ۔ آپ کو حضرت شیخ الاسلام امام محمد انواراﷲ فاروقی ؒ بانی جامعہ نظامیہ اور محدث دکن حضرت سید عبداللہ شاہ نقشبندی ؒ سے والہانہ عقیدت و محبت رہی اور یہی آپ کے پیشوا و مقتدا تھے اور آخری وقت تک دونوں کے منہج و مسلک کی نمائندگی کرتے رہے ۔ جامعہ نظامیہ میں آپ کا جنازہ حضرت بانی جامعہؒ کے عرس کا منظر پیش کررہا تھا اور نقشبندی چمن میں اکرام اس طرح ہوا کہ حضرت محدث دکن کی قبر شریف کی نرم ریتی آپ کی مزار میں بچھائی گئی موئے مبارک شریف سے مس شدہ صندل کا سرمہ آپ کو لگایا گیا اور ایک موئے مبارک آپ کی پلکوں میں رکھا گیا ؎
خدا رحمت کند ایں عاشقانِ پاک طینت را