لاوارث مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین کی سارے ملک میں مثال نہیں l حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کے وفد کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست کی جانب سے مسلم لاوارث نعشوں کی تجہیز و تکفین کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ۔ اس کی سارے ملک میں مثال نہیں ملتی ۔ اس کار خیر کا آغاز کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے بہت بڑا کام کیا ہے جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے ۔ یہ ایسا کام ہے جس سے اللہ اور اس کے رسول ؐ راضی ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کے ایک وفد نے کیا ۔ جس کی قیادت صدر اسوسی ایشن انجینئر عبدالعظیم نے کی جب کہ شہر حیدرآباد اور کویت میں اپنی غیر معمولی خدمات کے لیے شہرت رکھنے والی شخصیت محمد اسلم عمادی اور محمد راشد علی بھی وفد میں شامل تھے ۔ ان شخصیتوں نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی اور ملی و قومی مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔ اس موقع پر انجینئر عبدالعظیم ، جناب محمد اسلم عمادی اور محمد راشد علی نے کویت میں مقیم ایک مخیر شخصیت اقبال قریشی مرحوم کے شروع کردہ سلسلہ کو آگے بڑھانے والے جناب اسد خاں کی جانب سے بھیجی گئی امانت جناب عامر علی خاں کے حوالے کی تاکہ اسے لاوارث مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین پر خرچ کی جاسکے ۔ انجینئر عبدالعظیم اور جناب محمد اسلم عمادی جو علامہ عبداللہ عمادی کے پوتے ہیں ۔ بتایا کہ کویت میں ہندوستانیوں کو بڑی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس کی وجہ ہندوستانیوں کا تعلیم یافتہ محنتی اور دیانتدار ہونا ہے ۔ اس وفد نے سیاست کے مختلف شعبوں بشمول سیاست ٹی وی کا دورہ بھی کیا ۔ خاص طور پر انہیں بتایا گیا کہ غیر اسلامی رسم و رواج سے پاک شادیوں کو یقینی بنانے کے لیے شروع کردہ دو بدو پروگرام کے غیر معمولی نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں بچوں کو مرکزی و ریاستی حکومتوں کے اسکالر شپس کے حصول میں بھر پور رہنمائی کی جاتی ہے ۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں مسلم نوجوانوں کی بھرتیوں کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ پولیس میں بھرتیوں کے لیے نوجوانوں کو تیار کیا جاتا ہے ۔ چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپس کے ذریعہ بھی کثیر تعداد میں مسلم نوجوانوں کے بیرونی یونیورسٹیز میں داخلے یقینی بنائے گئے ۔ اردو دانی امتحانات کے ذریعہ اردو کو دیگر ابنائے وطن میں بھی فروغ دینے کے اقدامات کئے گئے ۔ کیرئیر گائیڈنس کے ذریعہ ایم بی بی ایس ، بی یو ایم ایس ، بی ایچ ایم ایس ، بی اے ایم ایس اور انجینئرنگ و بزنس اڈمنسٹریشن کورس میں داخلوں کے لیے رہنمائی بھی کی جاتی ہے ۔ نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے حیدرآباد مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کویت کے صدر انجینئر عبدالعظیم نے بتایا کہ اسوسی ایشن کویت میں حیدرآبادیوں کی ترقی و بہبود کے لیے کام کررہی ہے ۔ ان کے مسائل کے حل میں بھی اس کا جواب نہیں ۔ اس اسوسی ایشن کے ذریعہ حیدرآباد میں 200 ضرورت مند طلبہ اور 50 بیواؤں کو وظائف دئیے جاتے ہیں ۔ شاہین نگر میں ہزار مربع گز اراضی پر اسکولی عمارت کی تعمیر جاری ہے ۔ جہاں غریب گھرانوں کے کم از کم 500 بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی ۔ کویت میں فلاحی کاموں کے ضمن میں انجینئر عبدالعظیم نے خاص طور پر حاجی عبدالکریم ، کریم عرفان صدر FMA ، ڈاکٹر نعیم ، اسد خاں ، اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مبین احمد ، نائب صدر محمد طارق اقبال ، مشتاق احمد ( خازن ) ، مشتاق احمد (شریک خازن ) ، اویس انصاری ، جبار احمد ، نثار احمد ارکان مجلس عاملہ اور کویت یونیورسٹی کے لکچرر جناب مجتبیٰ قادری کا حوالہ دیا اور بتایا کہ یہ تمام بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اسوسی ایشن کے سابق صدر محمد اسلم عمادی کے مطابق انہوں نے کویت میں 30 برس گذارے ہیں ۔ اس سے قبل لیبیا میں 7 سال خدمات انجام دیں ۔ ان کے مطابق کویت کی 5 ملین آبادی میں 1.1 ملین ہندوستانی ہیں ۔ ان میں آندھرا اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والوں ( تلگو بولنے والوں ) کی تعداد 3.5 لاکھ تا 4 لاکھ ہے ۔ حیدرآباد ویلفیر اسوسی ایشن کے ادبی اجلاس و مشاعروں میں جناب عابد علی خاں مرحوم ، جناب سلطان صلاح الدین اویسی مرحوم کو بھی مدعو کیا جاچکا ہے جب کہ این رام ، جناب زاہد علی خاں ، مہیش بھٹ ، جسٹس فاطمہ بی ، ہرشد مندر ، سری کمار آئی پی ایس ، بدر الدین اجمل اور ونود دوا کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔۔