ماسکو: صدر پوٹن نے امریکی ہم منصب کے دو بھائیوں، ایک بہن، چند دیگر رشتہ داروں اور پریس سیکرٹری سمیت 200 امریکی شہریوں کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کردی ۔ عالمی خبر رساں ادارہ کے مطابق روس نے 200 سے امریکی شہریوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جن افراد پر روس میں داخل ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں امریکی صدر جوبائیڈن کے بھائی جیمس برین بائیڈن، فرانسس ویلیئم بائیڈن اور بہن ویلیری بائیڈن اونز شامل ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے دیگر رشتہ داروں کے علاوہ پابندی کا شکار ہونے والوں میں ان کی پریس سیکرٹری کیرن جین پیئررے بھی شامل ہیں ۔ روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں امریکہ کی جانب سے روس پر لگائی گئی پابندیوں کا ردعمل ہیں۔ امریکہ نے روس پر یہ پابندیاں یوکرین جنگ کے تناظر میں عائد کی تھیں۔واضح رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کو 8 ماہ مکمل ہوچکے ہیں اور اس دوران روس نے چار یوکرینی علاقوں کو جبری طور پر اپنی ریاست میں ضم کرلیا جس پر مغربی ممالک نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
چین نے ہمیشہ سیدھی بات کی:جو بائیڈن
واشنگٹن:امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ چینی صدر ژی جن پنگ نے ہمیشہ سیدھی بات کی ہے۔ یہ بات امریکی صدر جو بائیڈن نے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کو جانتا ہوں اور وہ مجھے جانتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان کچھ غلط فہمی ہے۔ امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ ہمیں صرف یہ معلوم کرنا ہے کہ ہماری ریڈ لائنز کیا ہیں۔ ان کا امریکہ میں ہوئے انتخابات کے حوالے سے یہ کہنا ہے کہ امریکی الیکشن کے نتائج پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔