کیف : یوکرین کی وزارت دفاع نے روس کے قبضے میں چلے جانے والے اہم شہر میں رہنے والوں پر زور دیا ہے وہ یہ بات سامنے لائیں کہ روسی فوجی کہاں رہ رہے ہیں اور کون سے لوگ ان سے تعاون کر رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹر کی رپورٹ کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں جنوبی شہر اینرہوڈار کے رہنے والوں کو خصوصی طور پر مخاطب کیا گیا ہے، اسی شہر میں ایک اہم ایٹمی بجلی گھر بھی واقع ہے۔ بیان کے مطابق ’براہ مہربانی ہمیں ایک ہنگامی معاملے کے طور پر قابض فوجیوں، ان کے اڈوں اور رہائشی پتوں کے بارے میں بالکل درست معلومت دیں جبکہ کمانڈنگ سٹاف کی رہائش کے بارے میں بھی بتائیں۔‘بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ وزارت کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔اسی طرح ان مقامی لوگوں کے بارے میں بھی پوچھا گیا ہے جو قابض فوج کے ساتھ معاونت کر رہے ہیں۔