روسی وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات، تعاون میں اضافہ پر غور

   

تہران : روس کے وزیر خارجہ سرگی لاوروف ایران کے دورہ پر تہران پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق، ایران اور عالمی طاقتیں 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔سرگی لاوروف کے دورے کے دوران زیر بحث آنے والے امور میں ایرانی جوہری معاہدے کے علاوہ ایران اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون، علاقائی اور بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا ہے تاہم ان امور پر فریقین کے نقطہ نظر ،کسی اتفاق یا عدم اتفاق یا پیش رفت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔البتہ صرف یہ کہا گیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کا دورہ ،یوریشیا اور قفقاز کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ روس نے کہا تھا کہ روس اور ایران دونوں کو مغربی ممالک کی پابندیوں کا سامنا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے پاس دنیا کے تیل اور گیس کے وسائل کی دولت کا بڑا حصہ ہونے کی بنیاد پر دونوں کے لیے ضروری ہے کہ باہم بات کریں اور تیل و گیس کی ترسیل کے لیے لائحہ عمل بنائیں۔