ممبئی۔ 4مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہٹمین کے نام سے مشہور ہندوستان کے اوپنر روہت شرماکورونا کے سبب ملک میں لگے لاک ڈاون کے دوران خود کو مصروف رکھنے کے لئے اپنے گھر کی بالکنی میں فٹنس پریکٹس کر رہے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاون کو 17 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس دوران تمام کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں میں ٹریننگ اور ورزش کرکے خود کو مصروف رکھ رہے ہیں۔ہندوستان کی محدود اوورز کی ٹیم کے نائب کپتان روہت نے اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی سے کہا کہ میں اپارٹ مینٹ میں رہتا ہوں اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میرے گھر میں بالکنی ہے، جہاں میں دوڑتا ہوں اور ٹرینر کی طرف بتائی کچھ ورزش کرتا ہوں۔
