معصوم بچوں سے سخت محنت کا کام لیا جارہا تھا، 7ا فراد گرفتار، 4 فرار
حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) آپریشن مسکان کے تحت ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے رچہ کنڈہ پولیس نے 55 بچہ مزدوروں کو آزاد کرالیا۔ قید و بند کی زندگی میں رکھتے ہوئے صبح 6 بجے تا رات گیارہ بجے تک بچوں سے سخت محنت کروائی جارہی تھی۔ بالا پور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ 4 افراد مفرور بتائے گئے۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران بچہ مزدوری کے خلاف کارروائی کو جاری رکھنے کا اعلان کیا اور بچہ مزدوری کیلئے بچوں کی سوداگری کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بچہ مزدوری سے آزاد 55 بچے چوڑیوں کے کارخانوں میں کام کررہے تھے جہاں ان کا استحصال کیا جارہا تھا۔ ان معصوم بچوں سے رات دیر گئے تک سخت محنت کروائی جارہی تھی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 50 سالہ اسلم ساکن حبیب نگر ،30 سالہ شیخ محمد ساکن حبیب کالونی، 22 سالہ احسن ، 66 سالہ شیخ حبیب، 36 سالہ محمد مسلم 18 سالہ اصغر ساکنان شاہین نگر متوطن بہار،30 سالہ ریاض اور 22 سال نعیم اکرم ساکنان بالا پور کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ فیروز عالم، انور ، منور اور انتخاب مفرور بتائے گئے ہیں۔ ریاست بہار کے لندا اور پورنیہ ضلع سے زبردستی بچہ مزدوری کیلئے ان بچوں کی سوداگری کی گئی ۔ بہار میں ان معصوم بچوں کے والدین کو تھوڑی سی رقم حوالے کرتے ہوئے بہتر روزگار کی آس میں بچوں کو شاہین نگر منتقل کیا گیا اور ان معصوم بچوں سے چوڑی کے کارخانہ میں مزدوری کروائی جارہی تھی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ بہار کے ان دونوں اضلاع کے ضلع کلکٹرس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان بچوں کو حوالے کیا جائے گا تاکہ انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے اور ان کی مالی اعانت بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن مسکان کے تحت یکم جولائی سے 15 جولائی تک جملہ 126 بچوں کو آزاد کرایا گیا جس میں 118 بچے بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ جبکہ ریاست سے تعلق رکھنے والے 58 ہیں۔ ان بچوں میں 157 لڑکے اور 19لڑکیاں شامل ہیں۔
