اکثریتی طبقہ کے خلاف مبینہ ریمارکس پر تنازعہ
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ کے وجئے نگر کالونی میں غیر مجاز تعمیرات کے مسئلہ پر تنازعہ کے دوران مقامی رکن اسمبلی ماجد حسین کی جانب سے اکثریتی طبقہ کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس پر مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں وجئے نگر کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کے مسئلہ پر تنازعہ پیدا ہوا اور رکن اسمبلی نے اس موقع پر کانگریس کے قائد محمد فیروز خاں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سوشیل میڈیا میں وائرل ویڈیو کے مطابق رکن اسمبلی نے اکثریتی فرقہ پر تنقید کرتے ہوئے بعض ریمارکس کئے اور کہا کہ اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی تائید کی گئی تھی آج وہی کانگریس قائدین غیر مجاز تعمیرات کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ سوشیل میڈیا میں وائرل ویڈیو کی بنیاد پر مقامی افراد نے مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت حوالہ کی جس میں اکثریتی فرقہ کے جذبات کو مجروح کرنے پر رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی۔ مقامی افراد نے رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اکثریتی فرقہ سے معذرت خواہی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثریتی طبقہ نے مقامی پارٹی کو بھی ووٹ دیا ہے لیکن انہیں کانگریس پارٹی سے جوڑنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ صدر مجلس سے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی اور انہیں پارٹی سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 1