چتوڑ گڑھ :راجستھان کے چتوڑ گڑھ میں رکن اسمبلی چندربھان سنگھ کے ایک رشتے دار کو بغیر کورونا جانچ کے ہی کورونا پازیٹو بتانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ سنگھ نے اس معاملے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اس کی اعلی سطح کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ موصولہ معلومات کے مطابق ضلع کورونا لیب سے جمعہ کی شام جاری کی گئی کورونا مریضوں کی فہرست میں سنگھ کے سالے رام پرتاپ سنگھ کو کورونا پازیٹو بتا دیا گیا اور ان کو محکمہ صحت سے اس تعلق سے فون آنے پر وہ حیران ہو گئے ۔ اس کی اطلاع رکن اسمبلی کو دی گئی ۔ اس بعد رکن اسمبلی نے چھان بین کی تو انہیں بتایا گیا کہ غلطی سے نام آگیا اور کچھ دیر بعد ہی ضلع لیب نے نظر ثانی شدہ فہرست جاری کردی۔